واٹس ایپ کی جانب سے’چیٹ میموری‘ فیچر متعارف کرانے کی تیاری

Published On 24 October,2024 08:37 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ ایک نئے فیچر کو متعارف کرانے کی تیاری میں ہے جو مصنوعی ذہانت سے منسلک ہوگی، میٹا اے آئی کیلئے اس فیچر کا نام چیٹ میموری ہے۔

اس اقدام کا مقصد صارف کی چیٹ بوٹ کے ساتھ گفتگو کو مزید بہتر کرنا ہے، واٹس ایپ کی یہ اپڈیٹ فی الحال اینڈرائیڈ صارفین کیلئے ہوگی اور صرف بیٹا ورژن پر دستیاب ہوگی۔

میٹا اے آئی کا چیٹ میموری فیچر خود بخود ان تفصیلات کو یاد کرے گا جو صارف نے واٹس ایپ پر شیئر کی ہوں گی۔

ان معلومات میں صارف کا سبزی خور ہونا، سالگرہ، منتخب شدہ گفتگو کا طریقہ کار اور یہاں تک کہ مشاغل وغیرہ شامل ہوسکتی ہے، ان تفصیلات کو یاد کر کے میٹا اے آئی اس سے متعلقہ تجاویز پیش کر سکتا ہے جو صارف سے زیادہ مطابقت رکھتی ہوں۔

اس سے قبل واٹس ایپ نے وائس چیٹ موڈ کا اعلان کیا تھا جس کو استعمال کرتے ہوئے صارفین میٹا اے آئی کے ساتھ ٹائپنگ کے بجائے بول کر بات کر سکیں گے، اب یہ نیا چیٹ میموری فیچر اس سہولت کو مزید آگے بڑھائے گا۔