اوپن اے آئی نے اپنا نیا ایجنٹ ’ڈیپ ریسرچ‘ لانچ کر دیا

Published On 03 February,2025 12:45 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) اوپن اے آئی نے آپریٹر کو لانچ کرنے کے صرف ایک ہفتہ بعد ڈیپ ریسرچ کے نام سے ایک نیا اے آئی ٹول متعارف کرا دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر چین کی جانب سے اے آئی چیٹ بوٹ ڈیپ سیک کے چرچے جاری تھے جس نے امریکا کو بھی سوچنے پر مجبور کر دیا تھا وہیں اب اوپن اے آئی ’ڈیپ ریسرچ‘ میدان میں اتارا گیا ہے جسے ایک طاقتور ٹول تصور کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈیپ ریسرچ میں انٹرنیٹ پر گہرائی سے تحقیق کرنے کیلئے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتی ہے، یہ آن لائن متن، تصاویر اور پی ڈی ایفس کے ذریعے مہارت سے تلاش کرنے کے قابل بنایا گیا ہے، یہاں تک کہ Python کا استعمال کرتے ہوئے ان کا تجزیہ بھی کر سکتا ہے۔

بلاگ پوسٹ کے مطابق ڈیپ ریسرچ ان لوگوں کیلئے ڈیزائن کی گئی ہے جنہیں اپنے کام کیلئے تفصیلی اور درست تحقیق کرنے کی ضرورت ہے، جیسے فنانس، سائنس، پالیسی اور انجینئرنگ میں۔

یہ اے آئی ٹول ان خریداروں کیلئے بھی مددگار ثابت ہوگا ہے جو بڑی خریداریوں پر ذاتی نوعیت کی سفارشات چاہتے ہیں جن کیلئے محتاط تحقیق کی ضرورت ہوتی ہے۔

اوپن اے آئی کے ایک انجینئر سری نواس نارائنن کہتے ہیں کہ گہری اور مشکل تحقیقی کاموں میں مدد کیلئے اے آئی کو استعمال کرنے کا یہ ایک نیا طریقہ ہے، ڈیپ ریسرچ ٹول پیچیدہ کاموں کو تیزی سے انجام دے کر لوگوں کے وقت کو بچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

کمپنی کے مطابق، ڈیپ ریسرچ قابل اعتماد ذرائع سے تفصیلی، درست جوابات فراہم کرنے کیلئے بہترین ٹول ہے۔

دوسری طرف GPT-4 ریئل ٹائم گفتگو کیلئے بہتر ہے جس میں متن اور تصاویر جیسے متعدد فارمیٹس شامل ہوتے ہیں، یہ موضوعات کو بہتر طریقے سے دریافت کرتا ہے اور قابل اعتماد معلومات فراہم کرتا ہے۔