ایلون مسک کی xAI نے X کو 33 ارب ڈالر میں خرید لیا

Published On 29 March,2025 10:41 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی xAI نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) کو 33 ارب ڈالر میں خرید لیا ہے۔

اس معاہدے کی کل مالیت 45 ارب ڈالر ہے جس میں 12 ارب ڈالر کا قرض بھی شامل ہے، اس خریداری سے ایلون مسک کی دو بڑی کمپنیاں X اور xAI ایک دوسرے میں ضم ہو جائیں گی، جس کا مقصد مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم کو ایک جدید اے آئی انٹیگریٹڈ سسٹم میں تبدیل کرنا ہے۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں اس معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا اس انضمام سے xAI کی مالیت 80 ارب ڈالر جبکہ ایکس کی قیمت 33 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ مسک نے 2022 میں ایکس (سابق ٹوئٹر) کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔

مسک کا کہنا تھا کہ xAI اور X کا مستقبل آپس میں جڑا ہوا ہے، آج ہم آفیشل طور پر ڈیٹا، ماڈلز، کمپیوٹنگ، ڈسٹری بیوشن اور ٹیلنٹ کو یکجا کرنے کا قدم اٹھا رہے ہیں۔

اس انضمام سے xAI کی جدید اے آئی صلاحیتیں اور ایکس کے وسیع صارف نیٹ ورک کو یکجا کر کے بے پناہ امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

ایلون مسک نے 2023 میں xAI کی بنیاد رکھی تھی، جس کا مقصد جدید مصنوعی ذہانت کے ماڈلز تیار کرنا تھا جو اوپن اے آئی، گوگل اور مائیکروسافٹ جیسی بڑی کمپنیوں کا مقابلہ کر سکیں۔

حالیہ رپورٹس کے مطابق xAI نے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے، جس کے بعد اس کی مالیت 75 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

xAI کا ہیڈکوارٹر سان فرانسسکو، کیلیفورنیا میں واقع ہے اور اس کی ٹیم میں وہ ماہرین شامل ہیں جو پہلے جی پی ٹی اور گوگل ڈیپ مائنڈ جیسے منصوبوں پر کام کر چکے ہیں۔

xAI نے لانچ کے بعد اپنا اے آئی چیٹ بوٹ "Grok" متعارف کرایا، جو اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی اور گوگل کے جیمینائی جیسے ماڈلز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

گروک کی مقبولیت تیزی سے بڑھی اور اسے ایکس پلیٹ فارم کے ساتھ انٹیگریٹ کر دیا گیا۔

xAI نے گروک کو بہتر بنانے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا استعمال کیا، جس سے اس کی ذہانت اور مواد کی فراہمی مزید بہتر ہو گئی۔