کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے انقلابی طریقہ علاج "کوآبلیشن" کا آغاز

Published On 18 September,2025 12:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین سے منگوائی گئی جدید مشینری کے ذریعے پنجاب میں کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے ایک نیا اور انقلابی طریقہ علاج "کوآبلیشن" کا آغاز کیا ہے۔

یہ طریقہ علاج نہ صرف پاکستان بلکہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار متعارف کرایا گیا ہے، اس نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے کینسر کے مریضوں کو کم تکلیف کے ساتھ تیز صحتیابی کے امکانات ملیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے لاہور کے مشہور ’’میو ہسپتال‘‘ میں پنجاب کے پہلے ’’کوآبلیشن‘‘ کینسر علاج مرکز کا افتتاح کیا، اس جدید مشینری کے ذریعے کینسر کے مریضوں کا علاج اب کیموتھراپی اور سرجری کی ضرورت کے بغیر ممکن ہوگا۔

مریم نواز نے افتتاحی تقریب کے دوران بتایا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے کیونکہ اب ہمارے مریضوں کو چین کے ماہرین کی جدید ترین علاج کی سہولت میسر ہوگی، جو نہ صرف محفوظ ہے بلکہ اس میں مریض کو کم تکلیف ہوتی ہے اور تندرستی کا عمل بھی تیز ہوتا ہے۔

کوآبلیشن علاج میں بجلی کی حرارت کو استعمال کرتے ہوئے متاثرہ ٹشوز کو جلا دیا جاتا ہے، جس سے ٹیومرز کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے، یہ طریقہ علاج خاص طور پر جگر کے ٹیومرز اور چھاتی کے کینسر کے علاج میں مؤثر ثابت ہوا ہے۔

میو ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے حالیہ دنوں میں پھیپھڑوں اور چھاتی کے کینسر کے مریضوں کا کامیاب علاج کیا ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس طریقہ علاج کے ذریعے جگر میں خون پہنچانے والی شریانوں میں رکاوٹ یا ٹیومر اور چھاتی کے کینسر کے ٹیومر کا کامیاب علاج ممکن ہو چکا ہے۔

میو ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز نے اس طریقہ علاج کو کینسر کے علاج میں ایک بڑی پیشرفت قرار دیا ہے۔

ڈاکٹر عائشہ احمد نے کہا ہے یہ ایک انقلابی قدم ہے جو پاکستان میں کینسر کے علاج کے امکانات کو بدل کر رکھ دے گا، مریضوں کو زیادہ تکلیف سے بچانے اور انہیں تیزی سے صحتیاب کرنے میں یہ طریقہ بہت مفید ثابت ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت مستقبل میں اس تکنیکی مرکز کو مزید بڑھانے اور پورے صوبے میں کینسر کے علاج کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کرے گی، اس اقدام سے نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان میں کینسر کے علاج میں ایک نئی روشنی کی کرن آئے گی۔