’لازوال عشق‘ ڈیٹنگ شو نہیں ہے: عائشہ عمر نے تردید کردی

Published On 18 September,2025 12:36 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ و ماڈل عائشہ عمر نے اپنے آنے والے ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کو ڈیٹنگ شو قرار دینے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ان دعوؤں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے دیا۔

ایک انٹرویو میں عائشہ عمر نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی تنقید اور شو کے حوالے سے ہونے والے منفی تبصروں کی اصل وجہ غلط فہمیاں ہیں جنہیں بعض میڈیا پلیٹ فارمز نے بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔

عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ لازوال عشق کے پرومو پر مختلف قسم کے تبصرے اور قیاس آرائیاں سامنے آرہی ہیں کہ میں نے اسے پاکستانی ڈیٹنگ شو کہا ہے لیکن ایسا ہرگز نہیں، میں نے کبھی بھی اس شو کو ڈیٹنگ شو نہیں کہا۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شو کا تعلق کسی مغربی ڈیٹنگ شو، جیسے لو آئی لینڈ کے فارمیٹ سے نہیں ہے، یہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں نوجوان ایک دوسرے کو بہتر طور پر جان سکیں اور زندگی کا ہم سفر ڈھونڈ سکیں۔

عائشہ عمر نے بتایا کہ شو میں حصہ لینے والے نوجوان ایک پرتعیش ولا میں رہیں گے لیکن تمام انتظامات پاکستانی معاشرتی اور ثقافتی اقدار کو مدِنظر رکھ کر کیے گئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ ایک ترک شو ہے جسے اردو زبان میں اور پاکستانی ناظرین کے لیے تیار کیا گیا ہے، لڑکیوں اور لڑکوں کے لیے علیحدہ فلورز اور الگ کمرے ہوں گے، صرف لاؤنج، کچن اور پول سائیڈ مشترکہ ہوں گے جہاں وہ ایک دوسرے سے گفتگو کر سکیں گے۔

اداکارہ نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی پاکستان میں ایسے شوز پیش کیے جا چکے ہیں جن میں نوجوان ایک ہی جگہ رہتے ہیں لیکن رہائش کے الگ انتظامات ہوتے ہیں اور اسی طرز پر لازوال عشق بھی محض ایک سوشل ایکسپیرمنٹ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جو باہمی گفتگو پر مبنی ہو گا۔

عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ اس شو میں نہ تو کوئی پہلے سے بنائے گئے جوڑے شامل ہیں اور نہ ہی ان پر کسی پر رشتہ قائم کرنے کے لیے دباؤ ہو گا، جو بھی تعلق بنے گا وہ ایک دوسرے کو جاننے اور باہمی بات چیت کے بعد ہی بنے گا، یہاں کھیل بھی گفتگو اور کمیونیکیشن پر مبنی کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ لازوال عشق ترکی میں فلمایا گیا ہے اور اس کی تقریباً 100 اقساط ہوں گی، شو میں چار مرد اور چار خواتین شامل ہیں جو ایک ولا میں رہتے ہوئے مختلف چیلنجز، گیمز، جذباتی اتار چڑھاؤ اور تنازعات کا سامنا کریں گے، اختتام پر ایک ”وننگ کپل“ منتخب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کے جاری کردہ ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ چار مرد اور چار خواتین ایک شاندار بنگلے میں رہتے ہوئے مختلف مراحل، بات چیت اور جذباتی اتار چڑھاؤ سے گزریں گے۔

ٹیزر میں عائشہ عمر کو دلکش مناظر سے لطف اندوز ہوتے اور ایک پرتعیش ولا میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے جہاں انہوں نے اس شو کو ”ابدی محبت کی تلاش اور جذباتی آزمائشوں کا سفر“ قرار دیا۔

ٹیزر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تنقید اور بائیکاٹ کی مہم شروع ہو گئی تاہم پیمرا نے وضاحت دی کہ چونکہ یہ شو صرف سوشل میڈیا پر نشر ہوگا اس لیے اس پر پابندی عائد نہیں کی جا سکتی۔

یہ شو صرف یوٹیوب پر نشر ہو گا اور کسی ٹی وی چینل پر براہِ راست نہیں دکھایا جائے گا جبکہ شو کے ریلیز ہونے کی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔