سائنسدانوں کی سورج کی بڑھتی تپش کو کم کرنے کی تیاری

Published On 02 May,2025 09:14 am

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی سائنسدانوں نے سورج کی بڑھتی تپش کو کم کرنے کیلئے تکنیک پر تجربات شروع کرنے کی تیاری کر لی۔

یہ تجربات برطانوی حکومت کی گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کیلئے 5 کروڑ پاؤنڈز کی سکیم کا حصہ ہیں۔

جیو-انجینئرنگ کے اس منصوبے کو آئندہ چند ہفتوں میں حکومت کی جانب سے منظوری دے دی جائے گی جس میں سائنسدان ایسی تکنیک (جن میں ایٹماسفیئر میں روشنی منعکس کرنے والے ذرات کے بادل لانچ کرنے یا بادلوں کو مزید چمکدار کرنے کیلئے سمندری پانی کے سپرے کا استعمال شامل ہے) تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایک اور طریقہ کار میں قدرتی سائرس بادلوں (بلندی پر موجود بادل) کو پتلا کرنا شامل ہے جو کہ گرمائش کو اپنے اندر رکھنے والی چادروں کا کام کرتے ہیں، سائنس دانوں کو اگر ان تجربات میں کامیابی ملتی ہے تو سورج کی روشنی کم شدت کے ساتھ زمین پر پہنچے گی اور نتیجتاً زمین کی سطح وقتی طور پر ٹھنڈی ہوجائے گی۔

زمین کو ٹھنڈا کرنے کا یہ طریقہ نسبتاً کم مہنگا ہے لیکن ناقدین نے خبردار کیا ہے کہ یہ موسموں کی ترتیب میں خطرناک خلل ڈال سکتا ہے، یہاں تک کہ وہ علاقے جو غذائی پیداوار کیلئے اہم ہیں وہاں سے بارشوں کو بھی منتقل کر سکتا ہے۔

دیگر سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ جیو-انجینئرنگ روایتی ایندھن یعنی فاسل فیول کے استعمال کرنے کی کوشش کو روک سکتی ہے جو کہ موسمیاتی تغیر کی بنیادی وجہ ہے۔