نادرا نے درخواست کا سٹیٹس آن لائن معلوم کرنے کی سہولت متعارف کرا دی

Published On 23 August,2025 02:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نادرا نے درخواست کا سٹیٹس آن لائن معلوم کرنے کی سہولت متعارف کرا دی۔

 نادرا حکام کے مطابق شہری اب نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے اس فیچر کا استعمال نہایت آسان ہے۔

پاک آئی ڈی پر دستیاب سہولیات کی بدولت اب شہریوں کو نادرا دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی، نادرا کی تقریباً تمام خدمات اور سہولیات پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر دستیاب ہیں۔

شہریوں کو زندگی میں صرف ایک بار پہلا شناختی کارڈ بنوانے کے لیے نادرا دفتر آنے کی ضرورت پڑے گی۔

ترجمان نادرا نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے موبائل ایپ خاص طور پر انتہائی مفید ہے، ب فارم ہو یا شناختی کارڈ، ایف آر سی ہو یا ان سے متعلق کوئی بھی ضرورت، تمام سہولیات پاک آئی ڈی پر دستیاب ہیں۔