پاکستان کا پہلا خلاباز 2026ء میں خلائی سٹیشن بھیجا جائے گا، سپارکو

Published On 26 December,2025 05:46 am

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر کمیشن (سپارکو) نے کہا ہے کہ 2026ء میں پاکستان کا پہلا خلاباز چین کے خلائی سٹیشن پر بھیجا جائے گا۔

ترجمان سپارکو کے مطابق پاکستان میں خلائی تحقیق اور خلائی سائنس کے میدان میں سال 2025ء ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، سپارکو نے 2025ء میں 3 بڑے پاکستانی سیٹلائیٹس خلا میں بھیجے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جنوری 2025ء میں پاکستان کا پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ چین سے خلا میں بھیجا گیا اور اسی سال جولائی میں پاکستان کا ایک اور ریموٹ سسنگ سیٹلائٹ چین کے لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا جس کی بدولت پاکستان کی زمینی مشاہداتی قوت میں اضافہ ہوا۔

ترجمان نے بتایا کہ اکتوبر 2025ء میں سپارکو نے پاکستان کا پہلا ہائیر سپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں بھیجا جس کے بعد پاکستان کی خلا میں سیٹلائٹ کی تعداد 7 ہوگئی، خلائی میدان میں پاکستان کی طرف سے ہونے والی بڑی کامیابیوں میں اس سال پاکستان کے ایسٹروناٹ پروگرام کا آغاز بھی تھا۔

ترجمان سپارکو نے مزید کہا کہ پاکستان کا پہلا خلا باز آئندہ سال چین کے خلائی سٹیشن پر بھیجا جائے گا اور رواں سال پاکستان نے چاند پر قدم جمانے کیلئے روور پروگرام کا بھی آغاز کیا ہے، پاکستان میں تیار کردہ رور 2028ء میں چین کی مدد سے چاند پر اتارا جائے گا۔