خلاصہ
- ٹیکساس: (دنیا نیوز) دنیا کے امیر ترین شخصیات میں شامل ایلون مسک کی اُڑنے والی کار کی آزمائشی پروازوں کے دوران آگ کے شعلوں میں گھر کر تباہ ہونے کی حیران کن ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
یہ سنسنی خیز ویڈیو ٹیکساس میں اسپیس ایکس کی ایک تقریب کے دوران نئی ٹیسلا سپر کار ’دی روڈسٹر‘ کی رونمائی کے موقع پر دکھائی گئی، جس میں گاڑی کی تیاری اور آزمائش کے مختلف مراحل شامل ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی ایک بلند سیاہ ٹاور کے اندر اپنے راکٹ انجنوں کی آزمائش کرتی ہے تاہم بعد ازاں زمین پر گر کر آگ کے شعلوں میں گھر جاتی ہے۔
راکٹ انجنوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ٹاور کے اندر کئی رسیوں کے ذریعے گاڑی کو معلق کر کے بھی آزمائشی تجربات کیے گئے۔
— Sawyer Merritt (@SawyerMerritt) October 16, 2026
ویڈیو میں لیبارٹری کے اندر ہونے والے تجربات کے علاوہ سپورٹس کار کو سڑک پر کامیابی کے ساتھ ہوا میں بلند ہوتے اور اپنے تھرسٹرز کی مدد سے بحفاظت زمین پر اترتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
دیگر مناظر میں روڈسٹر کو ایک ڈھلوان سڑک پر چلتے اور الٹا لٹکے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
دو افراد کی گنجائش رکھنے والی اس سپورٹس کار کو فضا میں بلند ہونے اور بحفاظت زمین پر اترنے کی صلاحیت سے لیس کرنے کے لیے متعدد تجربات کیے جا رہے ہیں۔