واٹس ایپ میں سکیورٹی کی خطرناک خامیوں کی نشاندہی، ایڈوائزری جاری

واٹس ایپ میں سکیورٹی کی خطرناک خامیوں کی نشاندہی، ایڈوائزری جاری

ایڈوائزری واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کے صارفین کے لیے جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خامیاں اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور ونڈوز اور میک ڈیسک ٹاپ ورژنز کو متاثر کرتی ہیں۔

ایڈوائزری میں صارفین کو واٹس ایپ فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جعلی آرڈر ڈیٹیلز میسج کے ذریعے مقامی فائلیں ڈیلیٹ ہوسکتی ہیں، جعلی آرڈر ڈیٹیلز میسج سے چیٹ ڈیٹا بیس کی معلومات لیک ہونے کا خدشہ ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق ایک خامی میٹا اے آئی کے سرٹیفکیٹ ویریفیکیشن سے متعلق ہے، جبکہ ایک خامی کے ذریعے حملہ آور کو ڈیوائس کا آئی پی ایڈریس معلوم ہوسکتا ہے۔

آئی پی ایڈریس والی خامی کو اسپیم میسجز کے ساتھ استعمال کیے جانے کا خدشہ ہے۔نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ایک خامی کے ذریعے حملہ آور کا بھیجا گیا میڈیا یا یو آر ایل ڈیوائس پر چل سکتا ہے جبکہ ونڈوز ورژن میں نقصان دہ فائل عام دستاویز کی طرح دکھائی دے کر چل سکتی ہے۔

ایڈوائزری میں ایپ کو صرف آفیشل اسٹور سے اپ ڈیٹ کرنے اور غیر سرکاری یا موڈیفائیڈ واٹس ایپ استعمال نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ایڈوائزری میں نامعلوم افراد کے آرڈر ڈیٹیلز میسجز پر کلک نہ کرنے اور اشتہاری اور کلک ٹو واٹس ایپ میسجز پر کلک نہ کرنے کی سفارش کے ساتھ ساتھ میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ بند رکھنے اور مشکوک اکاؤنٹس کو بلاک اور رپورٹ کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔