خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) چوتھے بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 2027 کے سلسلے میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی 5 روزہ ریجنل ورکشاپ کا آغاز ہو گیا، افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، ورکشاپ میں 22 ممالک کے ٹرینرز اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔
23 سے 27 نومبر تک جاری رہنے والی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے شرکت کی۔
انہوں نے 2027 میں چوتھے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کی میزبانی کو پاکستان کے لیے اہم اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی کامیابیاں پاکستان کے مستقبل اور سائنس و ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہم مقام کو تشکیل دیں گی۔
چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے کہا کہ پاکستان کے 6 نیوکلیئر پاور پلانٹس 3 ہزار 500 میگاواٹ سے زائد نیوکلیئر انرجی پیدا کر رہے ہیں جبکہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے 21 کینسر ہسپتال ملک کے تقریباً 80 فیصد کینسر مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے اشتراک سے منعقدہ ورکشاپ میں عالمی اور مقامی ماہرین لیکچرز دیں گے، ورکشاپ کے دوران طلبہ کے انتخاب، تربیت، رہنمائی اور جدید سائنسی علوم کی تدریس پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔