ڈرپوک مگرمچھ

Published On 06 Sep 2017 09:22 AM 

ٹیکساس میں شدید سمندری طوفان سے خوفزدہ ہوکر مگرمچھ بھی گھروں کے کچن اور گیراج میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے

لاہور (روزنامہ دنیا ) گزشتہ دنوں ٹیکساس میں چوتھے درجے کے طوفان ہاروی نے تباہی و بربادی مچا دی تھی ۔ گزشتہ 10سالوں میں اس نوعیت کا خوفناک طوفان ٹیکساس کے باشندوں نے نہیں دیکھا تھا ۔ طوفان نے لوزیانا میں بھی تباہی مچائی اور اس سے 9 سینٹی میٹر یعنی 4 میٹر کی بارشیں ہوئیں ۔ قبل ازیں اس قسم کا طوفان 1961ء میں آیا تھا ، چنانچہ اس طوفان نے ناصرف انسانوں کو خوفزدہ کیا بلکہ سمندری حیات کو بھی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے پر مجبور کر دیا ۔ مگر مچھ بھی انہی آبی جانوروں میں شامل ہے ۔ انسانوں سے کہیں زیادہ طاقتور اور قومی ہیکل مگرمچھ اگر کسی انسان کے دروازے پر آکر اس کے کچن میں چھپ جائے یا اس کے دروازے کے پیچھے پناہ لے لے تو کیسا لگے ۔

کبھی سوچا آپ نے؟، ہاروی طوفان کی تند و تیز سمندری موجوں نے آبی جانوروں کو بھی خوفزدہ کر دیا۔ مچھلیاں تو پانی کے ساتھ بے بسی سے گردش کرتی رہیں ، انہیں اپنے اوپر قابو نہ رہا ، پانی نے جہاں چاہا انہیں پھینک دیا ۔ لیکن ایسے میں طاقت ور مگر مچھ بھی خوف زدہ ہوئے بغیر نہ رہ سکے ۔ 350 سے زائد مگرمچھ سمندری طوفان سے بچنے کے لیے خشکی کی طرف بھاگ کھڑے ہوئے ۔ ایک مگرمچھ نے گیراج میں پناہ لے لی اور دوسرا مین گیٹ کے باہر دہشت زدہ ہو کر چھپا رہا ۔ کچھ لوگوں نے اسے ڈنڈے سے مارنے کی کوشش لیکن اس کے طاقتور جسم پر خراش تک نہ آئی اور ڈنڈا تو خود ہی ٹوٹ گیا ۔ آپ شاید جانتے نہیں کہ دروازے پر بیٹھا ہوا مگرمچھ خطرناک نہیں ہوتا ۔ مگر مچھ صرف دو صورتوں میں انسان پر حملہ کرتا ہے ۔

اول ، اسے بہت بھوک لگی ہو اور دوم ، اسے شک ہو کہ کوئی اس پر حملہ کرنے والا ہے ۔ وہ خوفزدہ ہونے پر لازمی حملہ کرتا ہے ۔ اس کا   حفاظتی وار   کرنا نفسیاتی طور پر ٹھیک لگتا ہے ۔ ٹیکساس میں اہل خانہ نے مگرمچھ سے بچنے کے لیے Fort Bend County کے ایس ایچ او کو طلب کر لیا ۔ ٹیکساس پولیس نے سوشل میڈیا پر ٹویٹ کیا کہ   طوفانی بارشوں سے مگرمچھ کو بھی ڈر لگتا ہے ۔ گھبرائیے مت ، مگر مچھ آپ کو کوئی نقصان پہنچائیں گے ۔ یہ صرف دہشت زدہ ہو کر ہی خطرناک ثابت ہوتے ہیں ۔ مگرمچھ جارحانہ انداز نہیں رکھتے، وہ یہ حرکت محض موسمی صورتحال سے بچنے کے لیے اختیار کرتے ہیں اگر موسم خراب ہے تو مگرمچھوں کو تنگ نہ کیجئے ، وہ جہاں بھی پناہ گزیں ہیں، انہیں چپ چاپ پناہ گزیں رہنے دیجئے ۔ ان سے 30 فٹ دور رہیے ،تاکہ وہ کوئی خطرہ محسوس نہ کریں۔ کچھ دیر بعد جوں ہی وہ محسوس کریںگے کہ خطرہ ختم ہو گیا ہے وہ وہاں سے نکل جائیں گے ۔ ہمیں توقع ہے کہ مگر مچھ کو یہاں سے ہٹا دیا جائے گا ، اس کے سوا کوئی خواہش نہیں ، اسے کسی ایسی اونچی جگہ پر چھوڑ دیا جائے جہاں پانی کی موجیں اسے اپنے ساتھ لے جائیں ۔