46 سالہ شخص کے دماغ میں کیچوے کے انڈے

Published On 11 Mar 2018 09:07 PM 

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں 46 سالہ شخص کے دماغ سے کیچوے کے انڈے نکال لیے گے۔

چین کے اسپتال گوئزہو میں 46 سالہ وو منگ شنگ کو سر میں درد اور قوت بصارت میں کمی کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے اس کے سر کا ایم آر آئی اسکین کیا تو ڈاکٹروں کومریض کے دماغ میں انڈوں جیسی چیزیں موجود ہونے کا شک ہوا ، جس کے بعد دماغ کے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔

گوئزہو اسپتال کے ماہر امراض دماغ و نیورون ڈاکٹر ینگ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آپریشن شروع کیا تو ان کا شک درست نکلا، دماغ سے کیچوے کے 30 انڈے ملے جن میں  سے کئی انڈوں میں لاروا بھی موجود تھے۔ جن کی لمبائی ایک سینٹی میٹر تک پہنچ گئی تھی۔ ڈاکٹروں کے مطابق مریض کا آپریشن کامیاب ہوگیا ہے اور مریض کی حالت بہتر ہے۔

ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر کیچوے کے انڈے کچا یا کم پکا ہوا گوشت کھانے کی وجہ سے مریض کے جسم میں داخل ہوئے اور خون کے ذریعے دماغ تک جاپہنچے۔

ڈاکٹر ینگ کا کہنا ہے کہ اگر گوشت اور سبزی کو دھوئے اور پکائے بغیر استعمال کرلیا جائے تو عین ممکن ہے کہ یہ انڈے جسم میں خون کے ذریعے دماغ سمیت کسی بھی حصے میں پہنچ سکتے ہیں اور وہاں پرورش بھی پاسکتے ہیں۔ کوشش کریں کے گوشت اور سبزی کو اچھی طرح دھو کر اور مکمل پکا کر استعمال کریں۔