پھل بچا کر رکھنا
رابعہ کوثر، مصری شاہ لاہور
لاہور (نیٹ نیوز ) خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے نانا کے گاؤں آئی ہوئی ہوں اور وہاں پر بہت سے لوگ میری نانی کے گھر جمع ہیں، جن میں سے کچھ ہمارے رشتے دار اور کچھ آس پاس کے ہمسائے ہیں۔ میرے نانا ابو کو کوئی آدمی انجیر نکال کر دیتا ہے اور وہ بہت خوشی سے سب رشتے داروں میں تقسیم کردیتے ہیں۔ مجھے بھی اچھی خاصی ملتی ہے۔ میں اپنی کزنز کے برعکس سارے نہیں کھاتی بلکہ کچھ ہی کھا کے باقی سب سمیٹ کے رکھ لیتی ہوں۔ اس پر سب کزنز میرا مذاق اڑاتی ہیں اور اسی دوران میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کے اندر غرض اور طمع زیادہ ہوگیا ہے۔ زیادہ دولت جمع کرنے کی لگن آپ کے اندر زیادہ سے زیادہ پیدا ہوگی، مگر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو سکے گا۔ دل میں سکون نہیں ملے گا۔ آپ قناعت پسندی کا مظاہرہ کریں، نماز پنجگانہ ادا کریں ، ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں اور کچھ نہ کچھ اللہ کی راہ میں خیرات کریں۔
سانپ مارنا
نوید علی، سیالکوٹ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں لیٹا ہوں اور کسی کتاب کا مطالعہ کر رہا ہوں۔ اسی دوران باہر سے کچھ چیخنے پکارنے کی آوازیں سن کر میں باہر جاتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ میری والدہ اور بہن ایک سانپ دیکھ کر خوفزدہ ہیں اور چلا رہی ہیں۔ میں جلدی سے صحن سے ایک وائپر پکڑ لیتا ہوں اور اس کو مارنے کی کوشش کرتا ہوں۔ کبھی وہ کہیں گھستا ہے کبھی کسی کونے میں ، میں مار مار کے اس کو زخمی کردیتا ہوں اور پھر جب وہ ادھ مواء ہو جاتا ہے تو اس کو اپنے صحن کے کچے گھڑے میں ڈال کر اوپر مٹی ڈال دیتا ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی اور باقی کچھ اور یاد نہیں رہا ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ اپنے دشمن پر قابو پا لیں گے اور دشمن پر فتح حاصل ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔ ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں اور کچھ نہ کچھ اللہ کی راہ میں لازمی خیرات کیا کریں۔ مراقبے میں دعا بھی کرا دی جائے گی انشاء اللہ۔
خوش رنگ پرندہ دیکھنا
حسن قریشی، اوکاڑہ
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کسی پہاڑی علاقے میں گھومنے گیا ہوا ہوں جیسے کشمیر سائیڈ ہو۔ وہاں کسی جنگل میں گھومتے گھومتے میری نظر ایک درخت پر پڑتی ہے تو میں دیکھتا ہوں کہ اس پر ایک انتہائی خوش رنگ پرندہ بیٹھا ہے۔ میں کافی دیر کھڑا اس کو دیکھتا رہتا ہوں۔ وہ بھی بالکل ساکت بیٹھا رہتا ہے، جیسے ہی میں اس کی تصویر لینے کیلئے اپنا موبائل باہر نکالتا ہوں، وہ اڑ جاتا ہے۔ اس کے بعد مجھے یاد نہیں کہ خواب میں کیا ہوا۔
تعبیر: یہ خواب اچھا ہے اور خوش قسمتی پر دلیل کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ اپنے خاندان میں بھی بزرگی عطا ہوگی اس سے خیروبرکت میں اضافہ ہوگا۔ آپ کے کاروبار میں بھی مال و وسائل کے بڑھنے سے ترقی ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔
گھر میں گرد وغبار
نوشین بیگ ، لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے گاؤں میں گھر کے اندر صفائی کر رہی ہوں چونکہ وہ کچا ہے تو بہت زیادہ گردوغبار کا طوفان سا اٹھا ہوتا ہے جو کہ مجھ سے کسی طرح بھی کم نہیں ہو رہا ہوتا۔ پانی لگانے سے ہر جگہ کیچڑ سا بن جاتا ہے مگر وہ گردوغبار نہیں بیٹھتا ۔ حالانکہ ہمارا گاؤں والا گھر کچا تو ہے مگر کبھی اصل میں اس طرح ہوا نہیں کہ اتنا شدید غبار اٹھا ہو پھر ایسا گھنا جیسے دھند ہو ۔
تعبیر: یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کہ آپ کے سر پر غیر ضروری اور اچانک اخراجات کا بوجھ آسکتا ہے۔ اس سے کاروبار میں رکاوٹ بھی مراد ہو سکتی ہے جیسے کسی مال کا دیر سے نکلنا یا پیسوں کی واپسی دیر سے ہونا۔ اللہ نہ کرے قرض لینے کی نوبت بھی آسکتی ہے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
بزرگ ٹوپی پہناتے ہیں
امین منصور، لاہور
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میٹرک کا رزلٹ آ گیا ہے اور میں لائٹ نہ ہونے کی وجہ سے دوسرے محلے میں اپنے دوستوں کے ساتھ نیٹ کیفے کی تلاش میں جا رہا ہوتا ہوں کہ میرے کسی دوست کا فون آتا ہے کہ سب اس کے گھر آ جائیں۔ ہم مل کر اس کے گھر کی طرف چل پڑتے ہیں۔ بازار میں گزرتے ہوئے ایک بزرگ اپنے مریدوں کے ساتھ جا رہے ہوتے ہیں ہم میں سے ایک دوست ان کی طرف ادب سے سلام کرنے رک جاتا ہے۔ اس کو دیکھ کر ہم بھی رک جاتے ہیں اور ان سے سلام کرنے لگ جاتے ہیں۔ وہ میرے ہاتھ بڑھانے پر بہت شفقت سے مجھے گلے لگاتے ہیں اور جیب سے ٹوپی نکال کر میرے سر پر رکھ دیتے ہیں اور ہم سب سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ چلو نماز کا وقت ہے۔ اس پر ہم سب دوست ان کے ساتھ مسجد کی طرف چل پڑتے ہیں۔
تعبیر: اچھا خواب ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو اپنے بزرگوں سے فیض ملے گا اور ان کی طرز فکر بھی منتقل ہوگی۔ دین و دنیا میں کامیابی ہو گی اور ذہنی طور پر اللہ سے وابستگی رہے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور رات ہونے سے قبل نبی کریم ؐ کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں۔
بھائیوں کو جھگڑتے دیکھنا
انیسہ اکرم، اسلام آباد
خواب: میں نے دیکھا کہ میں کافی دنوں بعد اپنے میکے آئی ہوتی ہوں اور اپنے والدین کے پورشن میں بیٹھی اپنی والدہ سے باتیں کر رہی ہوتی ہوں۔ اسی دوران میرے دونوں بھائیوں کے جھگڑنے کی آواز سن کر میں اور میری والدہ باہر جاتے ہیں تو وہاں میرے دونوں بھائی ایک دوسرے سے جھگڑنے کے ساتھ جائیداد کو تقسیم کرکے الگ الگ گھر لینے کے بارے میں بات کر رہے ہوتے ہیں۔ اس پر میری والدہ بہت پریشان ہوتی ہیں اور چکرا کر ادھر ہی گر جاتی ہیں ، مگر اس کے باوجود بھائی چپ نہیں کرتے۔ میں پریشانی میں اپنی والدہ کو دیکھنے لگتی ہوں مگر گھبراہت میں مجھے سمجھ نہیں آتا کہ میں کروں۔ اسی دوران میری آنکھ کھل گئی مگر یہ گھبراہٹ مجھے اس کے بعد بھی رہی۔
تعبیر :۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی ناگہانی مصیبت یا پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس سے گھر کے آرام وسکون میں خلل پڑنے کا اندیشہ ہوسکتا ہے۔ اس سے کاروباری معاملات میں بھی رکاوٹ یا بندش مراد لی جا سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہرنماز کے بعد کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
دعا کے وقت رقت طاری ہونا
نویدہ طارق،لاہور
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گھر میں ہوں اور تہجد کیلئے اٹھ کر وضوکرنے جاتی ہوں۔ نماز ادا کرنے کے بعد میں دعا کیلئے جب ہاتھ اٹھاتی ہوں تو مجھ پر رقت طاری ہو جاتی ہے۔ میں کوئی دعا مانگ نہیں پاتی بلکہ زاروقطار رونا شروع کردیتی ہوں۔ سارا وقت بس روئے ہی چلی جاتی ہوں کہ میرے میاں پھر مجھے ہلا کر متوجہ کرتے ہیں تو میں جلدی سے اٹھ کر ناشتے کیلئے کچن کی طرف چل دیتی ہوں اور وہاں کام کرتے ہوئے مسلسل ہی سوچتی رہتی ہوں کہ میں نے تو وہاں دعا مانگنی تھی یا فلاں کے بارے میں دعاکرنی تھی۔ اس کے بعد مجھے خاص یاد نہیں رہا ۔
تعبیر:۔ آپ کا خواب اچھا ہے۔ خیر وبرکت پر دلیل کرتا ہے اللہ تعالی کی طرف سے نعمت سے سرفراز ہوں گی۔ اس سے گھریلو وکاروباری زندگی میں آسانی ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ روزانہ سورۃ بقرہ کی تلاوت کیا کریں ۔ جتنی بھی آپ آسانی سے کر سکیں۔
آبائی گھر میں والد سے ملاقات
آمنہ نورانی ، لاہور
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے آبائی گھر میں ہوں جبکہ مصیبت میں ہم اس کو بیچ چکے ہیں۔ کئی سالوں سے میں دیکھتی ہوں کہ ہم چھت پہ سوئے ہوئے ہیں جیسے ہم اپنے بچپن میں سوئے تھے۔ لائٹ گئی ہوئی ہے اور میں چھت پہ ٹہل رہی ہوں۔ اسی دوران میں دیکھتی ہوں کہ آسمان سے ایک نور کا ہیولا سا اترتا نظر آتا ہے۔ اس کی روشی سے ہماری چھت بھی جیسے دن کی روشنی میں نظر آتی ہے ویسی نظر آتی ہے۔ اس نور میں میرے والد صاحب ہوتے ہیں جو کہ گھر کی چھت پہ اترتے ہیں۔ میںان کو دیکھ کر خوش ہوجاتی ہوں اور وہ بھی مسکرا کر مجھے دیکھتے ہیں مگر حیرت کی بات یہ کہ اس روشنی کے باوجود باقی گھر والے اسی طرح سوئے ہوئے ہیں۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو آپ کے والد صاحب کے اچھے مقام پر ہونے کو دلیل کرتا ہے۔ نیک روحوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کو بھی اپنے والد صاحب سے فیض ملے گا ۔ یعنی مال و وسائل میں برکت ہوگی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیاکریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ اپنے والد صاحب کی روح کو ایصال ثواب کے لئے سب لوگ سوا لاکھ مرتبہ آیت کریمہ پڑھ کر ان کو تحفتاً بھیجیں ۔