نیویارک (نیٹ نیوز) شادی کا مطلب ہی خوشی ہے تو ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اپنی زندگی کے اس شاندار موقع کو یوں منائے کہ ہر جانب خوشیاں ہی خوشیاں بکھری ہوں، مگر جب شادی کسی گورکن کی ہو تو تقریب خوشی کے بجائے سوگ کا منظر بھی پیش کر سکتی ہے ۔
جی ہاں، امریکی شہر نیویارک میں ایک ایسی ہی شادی منعقد ہوئی جس کے شرکا کیلئے یہ سمجھنا مشکل ہوگیا کہ وہ شادی کی تقریب میں شامل ہیں یا کسی کی آخری رسومات میں، رپورٹ کے مطابق یہ عجیب و غریب شادی 30 سالہ خاتون ہیلی اوونز اور ان کے منگیتر ڈیو بیکر کی تھی جس کی تقریب نیویارک کے مور منکٹن چرچ میں منعقد کی گئی۔
ہیلی اور ڈیو اپنی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے میت گاڑی میں بیٹھ کر آئے جس کے پیچھے ایک تابوت بھی بندھا تھا۔ انہوں نے صرف اسی پر اکتفانہیں کیا بلکہ ان کی شادی کا سٹیج بھی تابوتوں سے بنایا گیا تھا جسکے اردگرد سجاوٹ کے بجائے موت کی یاد دلانے والی خوفناک اشیارکھی گئی تھیں۔
ان کی شادی کا کیک بھی سیاہ رنگ کا تھا اور سٹیج کی سجاوٹ کیلئے پھولوں اور غباروں کے بجائے نقلی انسانی کھوپڑیاں اور ڈھانچے لٹکائے گئے تھے ۔اپنی شادی کو موت کا رنگ دینے کا یہ انوکھا آئیڈیا ہیلی کا ہی تھا اس کے مطابق سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے ہمیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہم ایسے ردعمل کی توقع بالکل نہیں کر رہے تھے ۔