روم(نیٹ نیوز ) اٹلی میں سائنسدانوں کو کھدائی کے دوران 4ہزار سال پرانا مرتبان ملا جس میں ایسی مائع چیز موجود تھی کہ سائنسدان بھی دنگ رہ گئے۔
رپورٹ کے مطابق اٹلی کے علاقے سیسلی سے دریافت ہونیوالے اس مرتبان میں کسی مائع چیز کی باقیات موجود تھیں۔ مرتبان کی عجیب قسم کی بیضوی شکل کی وجہ سے سائنسدانوں نے ان باقیات کے تجزئیے کا فیصلہ کیا۔
جب نتائج آئے تو معلوم ہوا کہ یہ زیتون کا تیل تھا۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ڈیوڈ ٹینیسی کا کہنا تھا مرتبان کا تعلق کانسی کے ابتدائی دور سے ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کھانوں اور ادویات کی تیاری میں زیتون کے تیل کا استعمال اس زمانے میں بھی کیا جاتا تھا۔
اس کے علاوہ اسے بطور ایندھن استعمال کئے جانے کے شواہد بھی موجود ہیں اسی طرح کے مرتبان اٹلی کے شہر لیسی سے بھی دریافت ہوئے ہیں تاہم وہ 3300 سال پرانے ہیں۔