آسٹریلیا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں ایک خاتون جما ہوا انار کھانے سے ہلاک، طبی حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی ہلاکت ہیپاٹائٹس اے کے وائرس کے نتیجے میں ہوئی ہے۔
آسٹریلیا میں جما ہوا انار کھانے سے خاتون کی ہلاکت پر طبی حکام کا کہنا ہے کہ 64 سالہ خاتون غیر معولی اور خطرناک حالت میں ہلاک ہوئی، جس کی وجہ ہیپاٹائٹس اے کا وائرس ہے۔ آسٹریلوی حکام نے مقامی لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے فریزروں میں موجود جمے ہوئے پھل کو ضائع کر دیں۔ مقامی حکام نے اپریل میں آسٹریلیا کی کریکٹو گورمے مصنوعات کے بارے میں بھی ایک انتباہ جاری کیا تھا۔
جنوبی آسٹریلیا کے چیف میڈیکل آفیسر کا کہنا ہے کہ خاتون کی موت صرف اس مصنوعات سے منسلک واحد ہلاکت ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تازہ انار اور مقامی طور پر تیار کی گئی مصنوعات نقصان دہ نہیں ہیں۔ خیال رہے کہ ہیپاٹائٹس اے جگر پر حملہ کرتا ہے، اس کی علامات عام طور پر 15 یا 50 دنوں میں ظاہر ہوتی ہیں جس میں متلی، بخار اور جلد کا زرد ہو جانا شامل ہے۔