جان لیوا مرض میں مبتلا عرفان خان کی تازہ تصویر وائرل

Last Updated On 27 May,2018 10:42 pm

لندن: (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عرفان خان کی تازہ تصویر سامنے آگئی، اپنی منفرد اور جاندار اداکاری سے فلم بینوں کے دل میں گھر کرنے والے عرفان خان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

کچھ ماہ پہلے اداکار عرفان خان نے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ وہ "نیورو اینڈو کرائن ٹیومر" نامی بیماری میں مبتلا ہیں، جو آنتوں کے کینسر کی ایک قسم ہے۔ اس کے بعد سے ان کی طبیعت بگڑنے سے متعلق خبروں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو آج تک جاری ہے۔

تاہم اب ان کی تازہ تصویر سامنے آئی ہے، دنیا نیوز کی اینکر پرسن زینب عباس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے معروف اداکار عرفان خان کی تصویر شیئر کی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بالی وڈ کے سپر سٹار لارڈز کے تاریخی میدان میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

 

تازہ تصویر سے عرفان خان کی صحت سے متعلق غلط افواہوں کی تردید ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ عرفان خان کی بیوی ستاپا سکدار نے بھی کہا تھا کہ ان کے شوہر اپنی بیماری سے کسی "جنگجو" کی طرح لڑ رہے ہیں اور ان کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہیں ان کے دشمنوں کی ذاتی خواہشوں کا اظہار ہیں جبکہ ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔