لندن: (دنیا نیوز) دنیا نیوز یو کے یورپ کی کامیاب نشریات کے تین سال مکمل ہونے پر لندن میں سالگرہ کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس، لارڈ نذیر احمد، میاں حمزہ عامر محمود اور دیگر شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ مقررین نے شاندار صحافتی خدمات پر چئیرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود کو خراج تحسین پیش کیا۔
دنیا نیوز یوکے یورپ کی تیسری سالگرہ کے موقع پر لندن میں پر وقارتقریب کا آغاز پاکستان اور برطانیہ کے قومی ترانے سے ہوا۔ دنیا نیوز ہیڈ آف انٹرنیشنل آپریشنز اظہر جاوید کے افتتاحی کلمات کے بعد مہمان خصوصی صاحبزادہ میاں حمزہ عامر محمود نے اظہارخیال کیا۔ مقامی گلوکارہ سائرہ پیٹر نے ملی نغمہ پیش کر کے ماحول گرما دیا۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شرکا کا کہنا تھا دیار غیر میں دنیا نیوز کے پروگرامز، غیر جانبدار نیوز کوریج کو بے حد سراہا جاتا ہے، یوکے یورپ کی ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کے باعث دنیا نیوز کو کامیابیوں کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔
تقریب میں معروف قانون دان بیرسٹر راشد اسلم، یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی محمد صدیق، سیکرٹری کامران خان، چئیرمین ورلڈ کانگرس فار اوورسیز پاکستانی کے چئیرمین سید قمر رضا، پاکستان تحریک انصاف لندن کے صدر بیرسٹرمیاں وحید الرحمان، سینئر رہنما صاحبزادہ جہانگیر اور دیگر کمیونٹی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔