لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف اہلیہ کی عیادت کیلئے بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ہمراہ لندن پہنچ گئے۔ وہ لندن پہنچتے ہی ہسپتال گئے جہاں انہوں نے زیر علاج اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔
ہسپتال آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی بات نہیں کرونگا، انہوں نے قوم سے کلثوم نواز کیلئے دعائے صحت کی اپیل کی۔ اپنے ایک ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ پانچ ماہ بعد والدہ سے ملے، وہ بہت کمزور اور ان کی رنگت پیلی نظر آئی،انہوں نے دعا کی کہ اللہ میری اور سب کی مائوں کو مکمل صحت عطافرمائے۔
اس سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف قطر ایئرلائن کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے بدھ کی صبح 9 بجکر پچاس منٹ پر لاہور ایئر پورٹ سے روانہ ہوئے تھے۔ طیارہ براستہ دوحہ لندن پہنچا۔ نواز شریف کا قافلہ جب جاتی امرا سے اولڈ ایئر پورٹ پہنچا تو سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
Meeting Ami after 5 months. 5 long months..... She looks very weak & pale. May Allah bless her & all mothers with perfect health. pic.twitter.com/UsVK3iHOX5
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 18, 2018
لاہور سے روانگی کے موقع پر اپنے ایک ٹویٹ میں مریم نوازنے کہا والدہ کی تیمار داری کیلئے لندن جارہے ہیں۔ عدالت سے استثنیٰ نہ ملا تو آئندہ پیشی سے پہلے واپس آجائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ میری علیل والدہ کو خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ سابق وزیر اعظم 22 اپریل کو وطن واپس آئیں گے۔