کنگ آف 'لارڈز' محمد عباس

Last Updated On 27 May,2018 09:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لارڈز کے تاریخی میدان میں قومی فاسٹ باؤلر محمد عباس کی طوفانی گیند بازی، انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 64 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کیں اور لارڈز کے ہیرو بن گئے۔

تاریخی میدان میں سیالکوٹ کے محمد عباس کی تاریخی باؤلنگ، لارڈز کے ہیرو نے انگلش ٹیم کو اپنی ہی سرزمین پر زیرو کردیا۔ بہترین کھلاڑی کا انعام حاصل کرنے والے محمد عباس نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 8 بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔

قومی گیند باز نے پہلی اننگز میں 23 رنز کے عوض 4 شکار کیے، دوسری اننگز میں پھر طوفانی باؤلنگ کی اور 41 رنز کے عوض چار مہرے کھسکائے۔

28 سالہ محمد عباس کہتے ہیں کہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کھیلنے کا فائدہ ہوا، محمد آصف اور گلین میگراتھ ان کےآئیڈیل ہیں۔

واضح رہے کہ دائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے والے محمد عباس نے اس سے قبل ڈبلن ٹیسٹ میں 9 وکٹیں حاصل کیں اور آئرلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ محمد عباس نے گزشتہ دو ٹیسٹ میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

 

محمد عباس کا کہنا ہے کہ ہر کھلاڑی کی طرح میری بھی خواہش تھی کہ ٹیسٹ کرکٹر بنوں، ٹیسٹ ٹیم کے بعد اب پاکستان کی محدود اوورز کی ٹیم میں جگہ بنانا چاہتا ہوں۔