آسٹریلیا: 3 افراد نے 16 کلوگرام کھانا چَٹ کر کے مقابلہ جیت لیا

Last Updated On 05 September,2018 04:45 pm

سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں منعقدہ ایک مقابلے میں تین پروفیشنل کھلاڑیوں نے صرف 39 منٹ میں 16 کلوگرام کھانا کھا کر شائقین کو حیران کر دیا۔

بسیار خوری کا یہ دوستانہ مقابلہ سڈنی میں منعقد کیا گیا تھا جس میں ڈیڑھ کلوگرام گوشت پیٹیز اور 6 لیٹر ملک شیک بھی شامل تھا۔ مقابلے کا عنوان ’مرد بمقابلہ 16 کلو گرام‘ تھا جو فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ ملکی لین نے منعقد کیا تھا۔

کھانے میں ڈیڑھ کلو گرام فرائیز، ڈیڑھ کلو گرام وزنی مٹن پیٹیز، ایک کلو پنیر، ایک کلوگرام پورک، ڈیڑھ کلوگرام پنیر کیک، چھ لیٹر ملک شیک اور دیگر چھوٹی بڑی اشیاء شامل تھیں۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی کے سب سے بڑے برگر بھی تھے جنہیں پیاز کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔

 

آسٹریلیا کے نمبر ایک اور دنیا کے دسویں ایوارڈ یافتہ خوش خوراک مسٹر اسٹبس نے اس موقع پر چیلنج قبول کیا لیکن انہوں نے ملک شیک کی اتنی بڑی مقدار ڈکارنا مشکل قرار دیا کیونکہ شیک فوری طور پر پیٹ بھرنے کا احساس دیتے ہیں تاہم تمام شرکا نے تیاری کے لیے 24 گھنٹے سے کچھ نہیں کھایا تھا۔

علاوہ ازیں تینوں شرکا نے بہت سارا پانی پی کر معدے کو صاف اور لچک دار بنایا تھا۔ واضح رہے کہ اسٹبس کچھ روز قبل ساڑھے پانچ کلوگرام پنیر کی مٹھائی کھا کر ایک ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔