لندن: (روزنامہ دنیا) سنگاپور سے لندن کیلئے اڑان بھرنے والی پرواز میں مسافروں کے بعد بزنس کلاس کی خالی نشست پر ایک کوّا آ کر بیٹھ گیا جس کو عملے نے اڑانے کی کوشش کی مگر وہ باہر نہیں نکلا۔
انتظامیہ اب تک اس بات کو جاننے سے قاصر ہے کہ کوّا جہاز کے اندر داخل کیسے ہوا کیونکہ رن وے کے قریب حفاظتی انتظامات کے تحت کسی پرندے کو آنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے جہاز کے سٹاف نے کوّے کو اڑانے کی کوشش بھی کی مگر وہ ایک سیٹ سے ہٹا تو دوسری پر بیٹھ گیا۔
انتظامیہ کے مطابق سنگاپور سے لندن ایئرپورٹ جانے والی پرواز ایس کیو 322 فلائٹ کا سفر 14 گھنٹے میں طے ہوا، یہ واقعہ 7 جنوری بروز پیر کو پیش آیا۔ ائیرلائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوے کو جب کیبن میں بیٹھے ہوئے دیکھا تو اُسے اڑانے کی کوشش کی مگر وہ نہیں اڑا، بعد ازاں ہمیں وقت پر پرواز کرنا تھی اس لئے جہاز اڑا دیا۔ جہاز کی انتظامیہ نے کوّے کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر حکام کے حوالے کیا جسے بعد میں آزاد چھوڑ دیا گیا۔