سسلی: (روزنامہ دنیا) دنیا کے کئی ممالک کو گھروں کی کمی کا سامنا ہے تاہم اٹلی تقریبا ہر سال اپنے دیہات کو فروخت کرتا ہے۔ حال ہی میں اٹلی کے جنوبی علاقے سسلی کے ایک خوبصورت گاؤں کے گھروں کو فروخت کیلئے پیش کیا گیا ہے۔
ویسے تو اٹلی میں سیاحت کے دوران چند ہفتوں تک قیام میں ہی لاکھوں روپے خرچ ہو جاتے ہیں لیکن انتطامیہ نے سسلی کے تاریخی مقام پالیرمو سے محض 68 کلو میٹر کی دوری پر واقع گاؤں سمبوکا ڈی سلیساکے گھروں کو محض ایک یورو یعنی پاکستانی تقریبا 160 روپے میں فروخت کیلئے پیش کر دیا ہے۔
اس پیش کش سے کچھ لوگوں نے فائدہ اٹھا بھی لیا اور کئی لوگوں نے گھروں کی خریداری کیلئے درخواستیں جمع کرا دیں۔ رپورٹ کے مطابق گاؤں سے مقامی افراد کے چلے جانے کے بعد انتظامیہ نے مجبور ہو کر وہاں گھروں کی فروخت کا اعلان کیا۔