ٹوکیو: (ویب ڈیسک) آپ مانیں یا نہ مانیں جاپان میں ایک خوبصورت لڑکی بھاری بھرکم ٹرک چلاتی ہے اور وہ یہ کام کسی مجبوری کے تحت نہیں کرتی بلکہ وہ ثابت کرنا چاہتی ہے کہ خواتین کسی بھی شعبے میں مردوں سے پیچھے نہیں۔
لمبے لمبے ٹریلر یا ٹرک عموماً مرد حضرات ہی چلاتے ہیں کیونکہ ڈرائیونگ کے دوران بعض سخت کام بھی کرنے پڑتے ہیں جیسے ٹائر پنکچر ہونے کی صورت میں ہیلپر کی مدد یا چیک پوسٹوں پر معائنے کے دوران بھاری سامان ادھرادھر کرنا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ موسم کی سختیاں اور رات کے وقت جاگ کر ڈرائیونگ بھی ایک صبر آزما مرحلہ ہے لیکن یہ تمام چیلنجز 24 سالہ خوبرو دوشیزہ کی ہمت نہیں توڑ سکے۔
رائنو ساساکی بڑی مہارت سے نہ صرف ٹرک چلاتی ہے بلکہ قانون پر پوری طرح عمل بھی کرتی ہے۔ اس کی خوبصورتی اور اس پر یہ سخت کام دیکھ کر لوگ اسکی ہمت داد دیتے ہیں، رائنو ساساکی چاہتی ہے کہ لڑکیاں بھی اس شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں۔
اس دھان پان سی لڑکی کے والد 7 سال قبل شدید بیمار ہو گئے تھے جس کے باعث رائنو نے ان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا اور 21 سال کی عمر اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ کر ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی۔ رائنو اب ٹرک میں اپنے والد کے ساتھ بھی سفر کرتی ہے اور اپنی تصویریں سوشل میڈیا شیئر کرتی ہے جہاں ہزاروں لوگ اس کے فالوورز بن چکے ہیں۔