دنیا کا مہنگا اور سب سے بڑا واٹر پارک تعمیر کے آخری مراحل میں

Last Updated On 23 May,2019 02:00 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی میں دنیا کا سب سے بڑا اور مہنگا واٹر پارک بنایا جا رہا ہے، 112 فٹ طویل ٹاور اور 12 نئی واٹر سلائیڈ کے ساتھ پارک تعمیر کے آخری مراحل میں ہے۔

ماہر ٹِم کیلی کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی سے یہ پارک بنا رہے ہیں جو بہترین تفریح اور مہم جوئی جیسے تجربات فراہم کرتا ہے۔ توقع ہے 2020 کے موسمِ گرما میں اس کا آغاز ہو جائے گا۔ منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد بچے، خاندان سمیت دیگر لوگ بھی محظوظ ہو سکیں گے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بڑا واٹر پارک پام جزیرے پر توسیع کے مراحل سے گزررہا ہے۔ 2020ء تک اٹلانٹس ایکواوینچر نامی واٹرپارک کے رقبے میں 30 فیصد اضافہ ہو گا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بچوں کیلئے بھی مزید چار سلائیڈز بنائی جا رہی ہیں۔ اس میں ایک اور خاص بات ہے، 449 میٹر طویل فیملی واٹرکوسٹر ہے جو پانی میں پھسلنے اور تیرنے کا بہت تیزرفتار تجربہ فراہم کرتا ہے۔

خبر کے مطابق شائقین ’اڑن طشتری‘ نما ایک رائیڈ سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے جو تیزرفتار ترین اور انوکھی سلائیڈ ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ 32 افرد کے درمیان مقابلہ کرانے والی ریلی ریسر سلائیڈ بھی زیرِ تعمیر ہے۔