امریکہ میں سڑک بلاک کرنے پر کچھوا زیر حراست

Last Updated On 26 June,2019 09:50 am

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکہ میں پولیس اہلکاروں کو نہ جانے کیا سوجھی، سڑک بلاک کرنے کے جرم میں کچھوے کو حراست میں لے لیا تاہم کچھ سوچ کر ٹریفک اہلکار نے کچھوے کو سست رفتاری پر وارننگ دیتے ہوئے مشروط رہائی دیدی اور رہائی کی کوئی اور خاص قانونی شرط تو نہیں رکھی گئی صرف ایک سیلفی تھی جس کے بعد کچھوا آزادی سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہو گیا۔

امریکی ریاست فلوریڈا میں عام پائے جانے والے گوفر کچھووں میں سے ایک سینٹ آگسٹائن کے جنوب میں واقع نوکاٹی پارک وے کی مصروف شاہراہ پر آگیا جسے پولیس نے گشت کے دوران دیکھا اور ٹریفک بلاک ہونے کے خدشے کے پیش نظر روڈ سے جانے کو کہا، تاہم کچھوے نے پولیس اہلکاروں کو لفٹ تک نہ کروائی اور سڑک پر ہی مٹر گشت کرتا رہا تاہم پولیس نے مجبوراً کارروائی کی اور اسے "حراست" میں لے لیا۔

پولیس آفس کے ترجمان کے مطابق ’ اس خطرناک رویئے کے بارے میں کچھوے سے تفتیش کی گئ تاہم مشکوک عزائم نہ پائے جانے پر کچھوے کو رہا کردیا گیا ۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ گوفر نسل کے کچھوے نے تعاون کیا اور اسی وجہ سے اسے وارننگ دے کر چھوڑدیا گیا۔

قبل ازیں پولیس افسر نے کچھوے کی سیلفی بھی لی اور اس کے بعد اسے رہا کردیا۔ گوفر کچھوے نے سیلفی کے دوران پولیس افسر کو بالکل تنگ نہیں کیا اور شرافت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکون سے سیلفی بنوائی اور منزل کی جانب چل دیا۔