سیئول: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا میں حکومتی مراعات کیلئے خود ساختہ نابینا بننے والا شخص پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
کوریائی میڈیا کے مطابق ایک شخص 8 سال سے اندھا ہونے کا ناٹک کر کے حکومتی مراعات لے رہا تھا، پڑوسی نے اسے گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا تو بھانڈا پھوٹ گیا جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا ہے۔
بولیس کے مطابق ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کی عمر تقریباً چالیس سال کے قریب ہے اور اندھا ہونے کا ڈرامہ کر کے ’معذور افراد کے لیے پینشن اور مراعات کے قانون‘ کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اس شخص نے خود کو پہلے درجے کا نابینا قرار دیا تھا، جنوری 2010ء سے اگست 2018ء تک اس شخص نے خود کو اندھا قرار دے کر حکومت سے 90 ہزار یورو (ڈیڑھ کروڑ روپے) حاصل کئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی ہسپتال نے اس شخص کی آنکھوں میں نابینا بن کی تصدیق کی تھی جہاں اس کا کئی بصری عارضوں کے تحت علاج ہو رہا تھا۔ کوریا میں انسدادِ بدعنوانی اور انسانی حقوق کے کمیشن کی رپورٹ کے تحت اس کے پڑوسی نے ایک سال بعد ہی اس کی بیماری پر شک کرنا شروع کردیا تھا اور اس کی اطلاع بھی دی تھی۔
اس دوران لوگوں نے ڈرائیونگ کرتے دیکھا اور اس نے بہت آرام سے کار پارک کی تھی۔ جس کے بعد لوگ حیران رہ گئے، پولیس نے مشتبہ شخص کے سمارٹ فون کا جائزہ لیا تو دیکھا کہ اس نے ہائی وے پر کار ڈرائیو کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی بنائی ہے۔