برطانوی شہری کی بستر مرگ پر شادی کی خواہش پوری

Last Updated On 26 October,2019 09:09 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جس میں بستر مرگ پر موجود شخص نے اپنی گرل فرینڈ کیساتھ شادی کر لی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 33 سالہ گیری 6 بچوں کے باپ تھے، وہ کینسرکے مرض سے کافی لمبی لڑائی لڑ رہے تھے۔

میل آن لائن کے مطابق انگلینڈ میں 33سالہ گیری سمارٹ اور اسکی 31 سالہ گرل فرینڈ لورا سمارٹ آئندہ سال شادی کرنے والے تھے لیکن گیری سمارٹ کو پھیپھڑوں کا کینسر لاحق ہو گیا جو آخری سٹیج تک پہنچ چکا تھا اور ڈاکٹروں نے چند دن کی ہی مہلت دی تھی۔

گیری سمارٹ کی آخری خواہش تھی کہ شادی شدہ ہو کر مرنا چاہتا ہے چنانچہ اسکی گرل فرینڈ لورا نے نارتھ ہیمپٹن جنرل ہسپتال میں ہی شادی کی تقریب کا اہتمام کیا اور وہیں دونوں نے شادی کر لی۔

شادی میں گیری اور لورا کے قریبی دوستوں اور خاندان کے لوگوں کے علاوہ ہسپتال کے عملے نے بھی شرکت کی۔

شادی کے چند گھنٹے بعد ہی گیری کی موت واقع ہو گئی۔ لورا کا کہنا تھا کہ جب گیری میں کینسر کی تشخیص ہوئی تو اس نے مجھ سے کہا کہ وہ شادی شدہ آدمی بن کر مرنا چاہتا ہے۔ ہسپتال کے عملے نے اس شادی میں ہماری بہت مدد کی۔ انہوں نے ہی پادری کو بلایا اور ہماری شادی کا سپیشل لائسنس حاصل کیا۔