کرونا وائرس کا خوف، خاتون نے زرافہ کا روپ دھار لیا

Last Updated On 21 February,2020 12:11 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں کرونا وائرس کے خوفناک اثرات سامنے آئے ہیں جہاں پر 2000 کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں وہیں پر معیشت پر بھی عالمی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، کرونا وائرس سے بچنے کے لیے چین سمیت مختلف ممالک میں احتیاطی تدابیر کر رہے ہیں تاہم چین میں ایک خاتون نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بعد خود کو زیبرا جیسا بنا لیا۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک چینی خاتون چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان کے مقامی ہسپتال پہنچیں اور اس دوران انہیں عجیب و غریب حالت میں دیکھا گیا۔

خاتون کو ہسپتال میں ایک زرافہ کے کاسٹیوم (لباس) میں دیکھا گیا جس کی ویڈیو چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پیئر ویڈیو پر جاری کی گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چینی خاتون نے زرافے کا کاسٹیوم پہنا ہوا ہے اور وہ ہسپتال میں گھومتی ہوئے نظر آرہی ہیں۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق جب خاتون سے پوچھا گیا کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا تو ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے پھیلنے سے قبل ہی میرے والد سانس سے متعلق کسی بیماری میں مبتلا ہوئے تھے اور وہ ہسپتال میں زیرِ علاج تھے جبکہ ان کے گھر میں ماسک موجود تھا جس کی تاریخ میعاد ختم ہو چکی تھی۔

خاتون کا کہنا تھا کہ اس وقت انہیں کوئی بھی ماسک دکان سے نہیں مل رہا تھا جس کے بعد انہوں نے زرافے جیسا کاسٹیوم پہننے کا سوچا۔

ہسپتال کے سٹاف نے خاتون کے اس عجیب و غریب لباس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ڈال دی جو وائرل ہوگئی۔

واضح رہے کہ چین میں پالتو جانوروں کے مالکان نے کورونا وائرس کے خوف سے اپنے جانوروں کو فیس ماسک پہنائے تھے تاکہ ان کے پالتو جانور بھی کورونا وائرس سے بچ سکیں۔
 

Advertisement