بیجنگ: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، مزید 142 افراد ہلاک ہو گئے۔ چین میں مرنے والوں کی تعداد 1665 ہو گئی، فرانس میں بھی وائرس سے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی۔ آسٹریلوی سائنسدانوں نے وائرس کی روک تھام کیلئے اہم کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کرونا وائرس کے وار جاری ہیں، چین میں 2009 نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں، متاثرین کی تعداد اڑسٹھ ہزار تک پہنچ گئی ہے، مہلک مرض سے 30 ممالک میں 500 کیسز بھی سامنے آ چکے ہیں، کرونا سے فرانس میں بھی ایک ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے، ہلاک ہونے والے شخص کی عمر 80 سال تھی اور وہ چین سے سیاحت کیلئے فرانس آیا تھا۔ فرانس میں اب تک کرونا وائرس کے 11 کیسز سامنے آئے ہیں۔
مصر میں کرونا وائرس کا ایک مریض سامنے آیا ہے، جو براعظم افریقہ کا پہلا کیس ہے، سڈنی یونیورسٹی کے ماہرین نے وائرس کی روک تھام کیلئے اہم کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ماہرین زندہ کرونا وائرس خلیات اگانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔