لندن: (روزنامہ دنیا) ماہرین کا ایک عرصے سے خیال تھا کہ بعض پرندے مسلسل کئی ماہ تک فضا میں پرواز کرتے رہتے ہیں اوراس دوران زمین پر نہیں اترتے لیکن اب ثابت ہوگیا ہے کہ ابابیل کی طرح کا ایک پرندہ، کامنز سوئفٹ (ایپس ایپس) میں یہ صلاحیت پائی جاتی ہے۔
کامنز سوئفٹ یورپ اور ایشیا میں پایا جاتا ہے، درمیانی جسامت کا یہ پرندہ سال کے بیشتر وقت دورانِ پرواز رہتا ہے، بعض ڈیٹا سے ظاہر ہوا ہے کہ سال میں 10 ماہ تک یہ پرندہ مسلسل اڑتا رہتا ہے۔ یہ پرواز کے دوران ہی ہوا میں اڑنے والے چھوٹے کیڑے مکوڑے کھاتا رہتا ہے۔
اس کے علاوہ نر اور مادہ پرندے پرواز کے دوران ہی ملاپ کرتے ہیں ۔ یہاں تک کہ یہ پرندے فضا کے اندر خاص گوشوں میں پر ہلانے کے بجائے مشقت چھوڑ دیتے ہیں اور ہوا میں گلائیڈ کرتے ہوئے سوجاتے ہیں اور ہوا کے یہ گوشے ‘تھرمل’ کہلاتے ہیں۔