لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس کی وباء کی وجہ دنیا میں سماجی فاصلے ضرور بڑھے ہیں تاہم سماجی طلاق کے اس دور میں بھی پیارے بھرے دلوں نے شادی کی صورت ایک ہونے کی روایت ترک نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہزاروں شادیاں ملتوی ہو کررہ گئی ہیں، جبکہ بعض جوڑے کورونا وائرس پر اپنی محبت کو غالب کرنے کی کوشش کرتے ہوئے آن لائن شادیاں کر رہے ہیں۔
اسی طرح کی ایک ایک خبر انڈونیشیا سے آئی ہے جہاں پر محمد نور جامان اور اوجی لیستاری ویدیا بھری نے حال ہی کورونا وائرس کے دور میں اپنی شادی کی تقریب منعقد کی۔ مگر اس شادی کی خاص بات یہ تھی کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس میں مہمانوں نے آن لائن شرکت کی۔
اس شادی کی تقریب میں خاندان کے صرف 8 افراد نے شرکت کی جبکہ دیگر باراتی اور رشتہ دار آن لائن شریک ہوئے۔ آن لائن شادی کی یہ تقریب 40 منٹ جاری رہی۔
اگرچہ اںڈونیشیا میں سرکاری سطح پر تقریبات پر پابندی عائد نہیں کی گئی تاہم حکومت کی طرف سے شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
آن لائن شادی کرنے والے انڈونیشی دلہا کا کہنا ہے کہ اگر مجھ سے کوئی پوچھے کہ آپ مایوس ہیں تو میں کہوں گا کہ ’ہاں‘ مگر ہمیں حالات کو قبول کرنا پڑتا ہے۔ اس طرح کی صورت حال سے کوئی شخص متاثر نہیں ہوتا بلکہ سب متاثر ہوتے ہیں۔
رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے جوڑے نے گزشتہ برس اکتوبر میں شادی کا فیصلہ کیا تھا۔ شادی کے لیے 12 اپریل کی تاریخ مقرر تھی اور اس موقعے پر 500 مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا تاہم اب ولیمے کی تقریب بعد میں منعقد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا میں کورونا وائرس کے باعث 459 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 4839 افراد متاثر ہوئے ہیں۔