کورونا وائرس: بر وقت فیصلے کر کے متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو بچا لیا

Last Updated On 14 April,2020 04:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عالمی وبا کے دوران دنیا کا ہر ملک اپنے شہریوں کی جانیں بچانے کی کوشش میں ہے، تشویشناک حالات میں چند ممالک ایسے ہیں جنہوں نے فوری طور پر درست فیصلے کر کے اپنے شہریوں کو بڑی حد تک عالمگیر وبا سے بچالیا، نیوزی لینڈ،سنگاپور،بحرین،یواے ای میں زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ ہوئے، پاکستان بھی ایک سو سے کم اموات پر 50ہزار سے زائد ٹیسٹ کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔

طبی ماہرین کاکہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ، مریضوں کو قرنطینہ میں رکھنے اور عوام کی نقل و حرکت کو روکنے ہی سے کورونا سے بچاؤ ممکن ہے۔

سنگاپور نے بہت جلد صورتحال کو بھانپ لیا، 72ہزار ٹیسٹ میں سے 2900کیسز کی تصدیق ہوئی۔ نیوزی لینڈ نےکم کیسز پرہی لاک ڈاؤن اور سرحدیں بند کردیں۔ یہاں 63 ہزار ٹیسٹ میں ساڑھے 13 سو مریضوں کا علم ہوا۔

ہانگ کانگ میں 96ہزار ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں،،1ہزارمثبت آئے اورچار اموات ہوئی ہیں۔ کورونا وائرس کے خلاف مشرق وسطیٰ کی کئی ریاستوں کا ردعمل متاثر کن ہے۔

بحرین میں 65 ہزار ٹیسٹ ہو چکے ہیں جہاں13 سو مریض سامنے آئے ہیں۔ قطر میں 50 ہزار ٹیسٹ ہوئے ہیں، 3200 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں اب تک ساڑھے چھ لاکھ ٹیسٹ ہو چکے ہیں جن میں 4 ہزار مریضوں کا پتا چلا۔

وینزویلا میں ایک لاکھ 81 ہزار ٹیسٹ کیے گئے جن میں صرف 181 مثبت آئے۔ ویتنام میں ایک لاکھ 21 ہزار افراد کا ٹیسٹ ہوا، صرف 262 مریضوں کا علم ہوا جن ملکوں میں 50 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ ہو چکے ہیں اور 100 سے کم اموات ہوئی ہیں، ان میں پاکستان بھی شامل ہے۔
 

Advertisement