واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) امریکا میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر انتظامیہ نے مشہور سکیٹ پارک کو مٹی سے بھر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں مشہور ‘لاس اینجلس سکیٹ’ پارک کو انتظامیہ نے مٹی ڈال کر بھر دیا تاکہ کوئی بھی شہری یہاں کا رخ نہ کرسکے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باوجود شہری سیروتفریح اور سکیٹنگ کیلئے پارک کا رخ کررہے تھے جس کے پیش نظر انتظامیہ نے مذکورہ اقدام اٹھایا۔
شعبہ پارک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں مسلسل لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں جس کے باعث نئی حکمت عملی تیار کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر پارک کو تا حکم ثانی بند کیا گیا ہے، شہری باز نہ آئے تو اس طرح کے اقدامات دیگر تفریحی مقامات سے متعلق بھی اٹھائے جاسکتے ہیں۔