ہاتھ پر بوسہ دیکر کورونا کا علاج کرنیوالا شخص وباء کے باعث چل بسا

Last Updated On 17 June,2020 07:24 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جس میں ایک شخص کہہ رہا تھا کہ اگر کوئی شخص میرے ہاتھ پر بوسہ دے گا تو وہ ہربیماری بشمول کورونا سے محفوظ رہے گا۔ ایسا کہنے والا شخص خود وباء کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گیا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی ابھی تک کوئی ویکسین تیار نہیں کیا جا سکی لیکن ٹوٹکوں کے ذریعے اس کے علاج کے دعوے مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔

دنیا بھر میں مہلک وبا کورونا وائرس سے بچنے کے لیے کہیں جراثیم کش اور ماسک کا استعمال کیا جا رہا ہے تو کہیں لوگ وائرس کو ماننے سے ہی انکار کر رہے ہیں۔

حال ہی میں بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر رتلام سے تعلق رکھنے والے اسلم نامی شخص نے یہ دعویٰ کیاتھا کہ وہ اگر کسی بھی شخص کو اس کے ہاتھ پر بوسہ دیں گے تو وہ ہربیماری بشمول کورونا سے محفوظ رہے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہاتھوں پر بوسہ دے کر کورونا وائرس کا علاج کرنے والا اسلم خود بھی وائرس سے متاثر ہو گیا اور اگلے ہی روز اس کی موت بھی واقع ہو گئی۔

رتلام کے حکام نے واقعے کے بعد ان تمام لوگوں کو بھی تلاش کیا جو اسلم سے رابطے میں تھے یا اس کے پاس علاج کی غرض سے آئے تھے۔

حکام کے مطابق اسلم کے پاس جانے والے 40 افراد میں سے 20 افراد کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت میں مزید ایسے 29 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جو اسی طرح مختلف طریقوں سے کورونا وائرس کا علاج کرتے ہیں۔