ٹوکیو: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کچھ ایسی خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں جن کو پڑھنے کے بعد فوری طور پر ان پر یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے، تاہم ایسی ایک خبر جاپان سے آئی ہے، جہاں پر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، اس شخص نے ایک ہزار سے زائد خواتین کی گاڑیوں کے ٹائر پنکچر کیے تھے۔
تفصیلات کے مطابق خواتین سے بات چیت کرنے اور انہیں متاثر کرنے کے لیے اکثر مرد کافی محنت کرتے ہیں لیکن حال ہی میں جاپان میں ایک ایسے شہری کو گرفتار کیا گیا ہے جو خواتین سے بات چیت کرنے کی وجہ تلاش کرنے کے لیے ان کی گاڑیوں کے ٹائر پنکچر کرتا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 32 سالہ جاپانی شخص کو پولیس نے حال ہی میں گرفتار کیا ہے، اس شخص نے ایک خاتون سے بات چیت کرنے کے لیے اس کی غیر موجودگی میں ان کی گاڑی کا ٹائر پنکچر کیا اور جب خاتون نے اپنی گاڑی کا ٹائر دیکھا تو وہ آدمی فوراً ان کی مدد کو پہنچا۔
خاتون کو اچانک احساس ہوا کہ ایک سال قبل بھی ان کے ساتھ بالکل ایسا ہی ہوا تھا اور مدد کے لیے آنے والے شخص بھی وہی تھا۔
بعدازاں خاتون نے پولیس کو اطلاع دی اور انہیں بتایا کہ گزشتہ سال بھی ان کے ساتھ بالکل اس ہی طرح کا واقعہ پیش آیا، پولیس نے سی سی ٹی فوٹیج دیکھی تو یہ بات سامنے آئی کہ خاتون کی غیر موجودگی میں ملزم نے ٹائر پنکچر کیا اور جب خاتون واپس آئی تو اسی نے انہیں مدد کی پیشکش کی۔
32 سالہ شخص نےفوراً اپنے جرم کا عتراف کیا اور پولیس کو بتایا کہ وہ ایسا خواتین کو جاننے یا ان سے بات کرنے کے لیے کرتا ہے اور وہ ماضی میں ایک ہزار سے زائد خواتین کے ساتھ ایسا کر چکا ہے۔