طوطے نے پیاس بجھانے کیلئے ناریل توڑ کر کوے کی کہانی یاد دلا دی

Last Updated On 13 August,2020 11:58 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) کوے کی پیاس بجھانے کی کہانی اب پرانی ہوچکی ہے کیونکہ اب کوے کی جگہ ایک طوطے نے لے لی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک مکاؤ طوطا اپنی پیاس بجھانے کیلئے ناریل کے درخت پر جابیٹھا اور پانی کی تلاش شروع کی۔ اس طوطے نے کافی کوشش کے بعد ایک ناریل کو بالآخر توڑ ڈالا اور پھر اپنی چونچ سے اٹھا کر اس میں سے پانی پیا۔

پیاسے طوطے کی کہانی بچوں کو پڑھائی جانیوالی پیاسے کوے کی یاد دلاتی ہے جس میں پیاس سے بے حال ایک کوے کو بہت تلاش کے بعد ایک جگہ پانی کا گھڑا نظر آتا ہے مگر اس میں پانی بہت کم ہوتا ہے۔ کوا ہمت نہیں ہارتا اور قریب سے کنکر اکٹھے کر کے گھڑے میں ڈالتا ہے جس سے پانی کی سطح بلند ہو جاتی ہے اور وہ سیر ہو کر پانی پیتا اور منزل کی جانب روانہ ہو جاتا ہے۔