بیجنگ: (روزنامہ دنیا) سائنسدانوں نے برما سے ملنے والے تقریباً 10 کروڑ سال قدیم شفاف عنبر کے ٹکڑے میں ‘‘جہنمی چیونٹی’’ کا رکاز دریافت کیا ہے جو مکمل حالت میں موجود ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چیونٹی نے اپنے جبڑوں میں لال بیگ جیسے کیڑے کو جکڑا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ عنبر کسی درخت یا پودے کی وہ شفاف رال ہوتی ہے جو خارج ہونے کے بعد جم جاتی ہے۔ کروڑوں سال پہلے معدوم ہوجانے والی خطرناک شکاری چیونٹیوں کی ایک قسم ‘‘جہنمی چیونٹی’’ کے نام سے مشہور ہے۔ جس کی نئی دریافت ہونے والی نوع ہے۔ یہ وہی چیونٹی ہے جو رال میں قید ہوگئی تھی اس کے منہ کے مختلف حصے آج کی چیونٹیوں سے بہت مختلف ہیں۔
رکاز سے ہمیں چیونٹیوں کے ارتقا کو جاننے میں مدد مل سکتی ہے۔ چینی، امریکی اور فرانسیسی ماہرین کی مشترکہ تحقیق آن لائن ریسرچ جرنل ‘‘کرنٹ بائیالوجی’’ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہے۔