قاہرہ: (روزنامہ دنیا) مصر کے سمندری علاقے برینائس سے 2 ہزار سال پرانے بندروں کے ڈھانچے برآمد ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وارسا یونیورسٹی کے آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی ایک تحقیقاتی ٹیم مصر کے سمندری علاقے برینائس میں کھدائی کررہی تھی کہ ایک انسان نما ہڈیوں کا ڈھانچہ برآمد ہوا جس کی جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ وہ دراصل ایک بندر کا ڈھانچہ ہے اور 2ہزار سال پرانا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم نے اس جگہ کی مزید کھدائی کی تو وہاں سے بیسیوں بندروں کے ڈھانچے برآمد ہوئے جس کی عمریں مختلف تھیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بندر ایشیائی علاقوں میں پائے جاتے ہیں اور ان کو بھارت سے لایا گیا ہوگا کیونکہ 2 ہزار سال قبل مصر اور روم کے تاجر برصغیر سے جانوروں کی تجارت کرتے تھے۔ اتنی بڑی تعداد میں بندروں کے ڈھانچے ملنے سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کسی بحری جہاز کو حادثہ پیش آیا ہوگا اور یہ بندریہاں دفن ہوگئے ہونگے۔