لنکن شائر(دنیا نیوز)برطانیہ میں لنکن شائر کے وائلڈ لائف پارک میں سیاحوں کو گالیاں دینے والے طوطے ہٹا دیئے گئے ۔ گالیاں دینے والے یہ پانچ طوطے 15 اگست کو لائے گئے تھے۔
پارک کے چیف ایگزیکٹو سٹیو نکولس کا کہنا ہے کہ طوطوں نے قرنطینہ کے دوران ایک دوسرے سے فحش گالیاں سیکھ لیں۔ طوطوں کی گالیوں پر پارک کا سٹاف قہقہے لگاتا رہا جس سے ان پانچ افریقی سرمئی رنگ کے طوطوں کی ہمت مزید بڑھ گئی،جب پارک کھلا توپہلے 20 منٹ کے دوران ہی بتایا گیا کہ ان پرندوں نے ایک سیاح کو گالی دی ہے لیکن اس کے بعد انہوں نے ہر سیاح کو ہر قسم کی گالی دی۔
انہوں نے کہا کہ سیاحوں نے اس چیز کو مزاحیہ انداز میں لیا لیکن پارک انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گالیاں دینے والے پرندوں کو عوامی مقام سے ہٹا دیا جائے گا ۔
نکولس کے مطابق اگر ان طوطوں نے مزید گالیاں دیں تو ان کو علیحدہ جگہ پر چھوڑ دیا جائے گا۔ یہ اتنا برا نہیں ہو گا جتنا تین چار کا ایک ساتھ مل کر گالیاں دینا۔پارک میں لگ بھگ 1500 طوطے موجود ہیں۔