بغداد: (ویب ڈیسک) عراق کے معروف بینک نے ملازمین کو دوسری شادی کرنے پر ایک کروڑ دینار آسان شرائط پر قرض دینے کی پیشکش کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عراق میں 35 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ کنواری خواتین کی تعداد خاصی بڑھ چکی ہے، تیل سے مالامال عرب ملک کو 2003 میں امریکہ کے حملے کے بعد سے مسلسل خانہ جنگی کے باعث معاشی عدم استحکام کا سامنا ہے، روزگار کے مسائل کے سبب نوجوانوں اور مردوں کی اکثریت غربت کا شکار ہے جو شادیوں میں بڑی رکاوٹ ہے۔
عراق میں کئے گئے ایک سروے سے حاصل اعدادوشمار کے مطابق 35 سال سے زائد 70 فیصد خواتین غیر شادی شدہ ہیں، صورتحال دیکھتے ہوئے عراقی بینک ‘الرشید’ نے اپنے ملازمین کو بڑی پیشکش کر دی ہے کہ اس کا کوئی بھی ملازم جس کی نوکری کرتے ہوئے 2 سال ہوئے ہوں اور پہلی شادی پر قرض نہ لیا ہو وہ ایک کروڑ دینار ادھار رقم حاصل کر سکے گا۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ملک میں بے روزگاری کے سبب نوجوانوں کی اکثریت بیرون ممالک جانے کو ترجیح دے رہی ہے جس سے مقامی خواتین کی شادیاں نہ ہونے کا معاملہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔