پیرو کے پہاڑ پر 2 ہزار سال پرانا بلی کا خاکہ دریافت

Published On 20 October,2020 09:55 am

لیما: (روزنامہ دنیا) جنوبی امریکہ کے ملک پیرو کے تاریخی اہمیت کے حامل پہاڑی سلسلے پر آثار قدیمہ کے ماہرین نے 2 ہزار سال پرانے بلی کے خاکے کو دریافت کرلیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نازکا لائنز کے پہاڑی سلسلے پر دریافت ہونے والا بلی کا خاکہ کم از کم 2 ہزار سال پرانا ہے، ماہرین اس بات پر حیران ہیں کہ 120 فٹ سے لمبا اور30فٹ تک چوڑا خاکہ اب تک کیسے ان کی نظروں سے اوجھل رہا۔

اسی مقام پر ہمنگ برڈ، سمندری مچھلی اور بندر سمیت دیگر جانوروں اور پرندوں کے ہزاروں سال پرانے خاکے بھی ملے ہیں اور حیران کن طور پر تمام خاکے حالیہ دور کے آرٹ سے گہری مشابہت رکھتے ہیں۔

ایک اور مکڑی کی شکل کا خاکہ بھی دریافت ہوا ہے جو گزرتے زمانے کے اثرات کے سبب اپنی اصل حالت میں تو نہیں تاہم ایک نظر دیکھنے پر اندازہ ہو جاتا ہے کہ خاکے کے تخلیق کار نے کس چیز کی منظر کشی کرنے کی کوشش کی ہے، مقام حیرت ہے کہ اُس دور میں بھی ضروری آلات کے بغیر اتنے بڑے خاکے انتہائی صفائی سے بنائے گئے ہیں کہ بعض مقامات پر لائنیں بالکل سیدھ میں ہیں جیسے کافی بلندی پر کھڑے ہو کر کھینچی گئی ہوں اور 2 ہزار سال گزرنے کے باوجود قائم ہیں۔