کھٹمنڈو: (روزنامہ دنیا) جاپان نے جوڈو کو فروغ دینے کے لئے دنیا کی بلند ترین چوٹی پر انوکھا اہتمام کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نیپال میں سطح سمندر سے تقریباً چار ہزار میٹر بلند سکول میں جوڈو کی مشق کے لئے ایک ہال کھولا گیا ہے ، یہ ہال جاپان کے قومی جوڈو ٹیم کے کوچ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ اینوئے کوسے کی سربراہی میں غیر سرکاری تنظیم نے کھولا ہے ۔کُھم جُنگ نامی گاؤں کے سکول میں یہ ہال بنایا گیا ہے جو سطح سمندر سے 3 ہزار 790 میٹر بلند ہے ۔
بلند ترین چوٹی کا راستہ دشوار گزار اور تنگ ہونے کے سبب گاڑیوں کی منزل تک رسائی ممکن نہیں تھی جس کے سبب سکول کے طلبا نے پریکٹس کے لئے استعمال ہونے والے میٹ اپنے سروں پر اٹھا کر اسکول تک پہنچائے۔ برف میں گھرے سکول میں جب طلبا پہنچے تو خوشی سے پھولے نہ سمائے اور انہوں نے فوراً ورزش شروع کر دی۔
جوڈو کے لئے بھاری سامان ہیلی کاپٹر کے ذریعے کھٹمنڈو سے گزشتہ ہفتے یہاں پہنچایاگیاتھا۔جاپان کی جانب سے مذکورہ اقدام کا مقصد مقامی آبادی کوکھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔