پاکستانی سائیکلسٹ کا ہینڈل اور بریک کے بغیر 3.5 ہزار کلو میٹر کا سفر

Published On 02 December,2020 06:21 pm

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) ایک پاکستانی شہری نے حیران کن ریکارڈ قائم کر کے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، شہری نے 34 روز کا سفر کیا اس دوران سائیکل میں ہینڈل تھا اور نہ ہی بریک۔

عرب میڈیا کے مطابق بلوچستان کے علاقے نوشکی سے تعلق رکھنے والے عطاء اللہ بلوچ سائیکل پر 34 روز کا سفر مکمل کر کے اسلام آباد پہنچے۔ سائیکل میں ہینڈل اور بریک نہیں ہے۔ اس دوران وہ پاکستان کے مختلف صوبوں میں متعدد شہروں اور دیہات گئے۔

عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ بلوچ کا کہنا تھا کہ میں نے سفر کے دوران سائیکل پر 3467 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا۔ میں گینز ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہونے کے لیے پر امید ہوں۔ مقصد امن اور محبت کو پھیلانا ہے۔ میں دنیا بھر میں گھوم کر پاکستان کا مسلم اور پر امن ملک کے طور پر تعارف پیش کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ سائیکل کے ساتھ تعلق بچپن سے ہے۔ میں نے وقت گزرنے کے ساتھ اس میں مہارت حاصل کی اور پھر سرکاری ادارے میں بطور کوچ کام کرنے لگا۔

عرب میڈیا کے مطابق عطاء اللہ ہینڈل اور بریک کے بغیر سائیکل چلانے سے نہیں ڈرتے تاہم وہ سائیل چلانے کے دوران نہایت ہوشیار اور چوکنا رہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہینڈل اور بریک کے بغیر سائیکل چلانا مشکل اور خطرناک عمل ہے۔ بالخصوص پہاڑی علاقوں میں مگر یہ ناممکن نہیں ہے۔ روزانہ سائیکل چلا کر میں نے خود کو اس کا عادی بنا لیا۔ سفر کے دوران میں نے روزانہ تقریبا 80 کلو میٹر اور بعض مرتبہ 120 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا۔ سفر کے دوران میں آرام کے لیے ٹھہرتا رہا۔

عطاء اللہ کا راستہ کوئی پھولوں کی سیج نہیں تھا۔ انہوں نے اپنے راستے پر کئی چیلنجوں اور رکاوٹوں کا سامنا کیا۔ تاہم صبر اور عزم کے ساتھ عطاء اللہ نے ہر مشکل کو پار کیا۔

ہینڈل اور بریک کے بغیر عطاء اللہ بلوچ پاکستان کے اندر سائیکل پر سفر کرنے میں کامیاب رہے۔ تاہم ان کی خواہش یہاں تک محدود نہیں بلکہ وہ امید کرتے ہیں کہ ایک روز وہ سائیکل پر دنیا بھر میں گھوم کر گینز ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام شامل کروانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
 

Advertisement