بنکاک: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ میں ننھا ہاتھی موٹر سائیکل سے ٹکرا کر بیہوش ہو گیا تھا جسے ریسکیو اہلکار کی مدد سے ہوش میں لایا گیا۔
مانا سریویٹ نے برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں درجنوں جانوروں اور انسانوں کو بے ہوشی کی حالت سے واپس لانے میں مدد کی ہے تاہم ایسا پہلی بار ہوا کہ کسی ہاتھی کی مدد کرنا پڑی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ایک اندھیری سڑک کے کنارے گرے ہوئے ہاتھی کو ہوش میں لانے کی کوشش کرتے ہوئے ان کی ویڈیو آن لائن وائرل بھی ہوئی۔
اس ویڈیو میں وہ اپنے دونوں ہاتھوں سے ہاتھی کو ہوش میں لانے کے لیے اس کے ساتھ دل کی دھڑکن اور سانس کی بحالی کے لیے ہنگامی طبّی امداد کا طے شدہ طریقہ کار استعمال کر رہے تھے۔ دس منٹ کے بعد ہاتھی اٹھ کر کھڑا ہو گیا۔ یہ ہاتھی کا بچہ اپنے گروہ کے ساتھ سڑک کراس کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یہ واقعہ مشرقی تھائی لینڈ کے صوبے چانتھا بوری میں پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں: دادی نے اپنی پوتی کو ’جنم‘ دیدیا
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مانا کے ساتھی ریسکیو اہلکار اس موٹر سائیکل والے شخص کو طبّی امداد دے رہے ہیں جن کی موٹرسائیکل سے ہاتھی کا بچہ ٹکرایا تھا۔ موٹر سائیکل سوار بھی زخمی ہوا لیکن ان کی حالت تسلی بخش ہے۔
ریسکیو اہلکار، مانا نے جن کی عمر 26 برس ہے، نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ اتوار کی رات گئے پیش آیا اور اس وقت وہ ڈیوٹی پر نہیں تھے اور وہاں سے گزر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جان بچانا میری فطرت میں شامل ہے لیکن ہاتھی کو طبّی امداد دیتے ہوئے تمام وقت میں پریشان بھی تھا کیونکہ میں اس کی ماں اور ہاتھیوں کے پورے گروہ کی جانب سے اس ننھے ہاتھی کو بلائے جانے کی صدائیں سن رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شادی کے دو ہفتوں کے بعد بیوی ’مرد‘ نکلی
بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہاتھی کا دل کہاں ہو سکتا ہے یہ میں نے آن لائن دیکھی ہوئی ویڈیو کی بنیاد پر اندازہ لگانے کی کوشش کی۔ جب بے سدھ پڑے اس ننھے ہاتھی نے ہلنا شروع کیا تو میں تقریباً رو دیا۔
مانا سریویٹ نے کہا کہ جب ہاتھی کے بچے کو ہوش آ گیا تو اس امید کے ساتھ کہ حادثے کی جگہ واپس جا کر وہ اپنی ماں سے ملوا دیا جائے اسے مزید طبّی امداد کے لیے سڑک کے دوسری جانب لے جایا گیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق بتایا گیا ہے کہ وہ زیادہ چوٹوں سے بھی بچ گیا تھا۔مانا کا کہنا ہے کہ باقی ہاتھی لوٹ گئے جب ماں نے اپنے بچے کی آواز سنی۔ مانا سریویٹ کی زندگی میں یہ پہلا موقع تھا جب انہوں نے کسی ہاتھی کو سی پی آر یعنی دل کی دھڑکن اور سانس کی بحالی میں مدد دی۔