ہنوئی: (ویب ڈیسک) ویتنام سے ایک حیران کن خبر سامنے آئی ہے جہاں پر 26 سالہ نوجوان نے ملازمت کے انٹرویو کے دوران اپنے چہرے کے نقوش کا مذاق اڑائے جانے کے بعد پلاسٹک سرجری کی مدد سے خود کو یکسر تبدیل کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 9 پلاسٹک سرجریز کی مدد سے اپنے چہرے کو یکسر تبدیل کر دینے والا ٹک ٹاک صارف ڈوکوئین سوشل میڈیا صارفین کی توجہ تیزی سے حاصل کرنے میں کامیاب ہو رہا ہے۔
ان کی ظاہری شخصیت کو دیکھ کر سیکنڈز کے لیے تو کوئی بھی شخص حیرت میں مبتلا ہو سکتا ہے کیونکہ پہلے نظر آنے والے ٹک ٹاک صارف اب دکھائی دینے والے ڈو کوئین سے بالکل مختلف ہیں۔
ڈو کوئین کا دعویٰ ہے کہ ملازمت کے حصول کیلئے دیے جانے والے انٹرویو کے دوران انٹرویو لینے والے شخص کی جانب سے ان کے نقوش کا مذاق اڑایا گیا جس کے بعد پلاسٹک سرجریز کی مدد سے خود کو یکسر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔
ڈو کوئین کا کہنا ہے اگر ان سے قبل کوئی بھی شخص سرجری سے قبل اور بعد کی اس طرح کی تصاویر ان کے ساتھ شیئر کرتا تو یہ یقین کرنا قدرے مشکل ہوتا کہ دونوں تصاویر ایک ہی شخص کی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نوجوان فی الحال بطور میک اپ آرٹسٹ کام کرتا ہے اور اس نے خوبصورت نظرآنے کے لیے 9 سرجریز کی مد میں تقریبا 17 ہزار 400 ڈالر کی رقم خرچ کی۔