لوساکا:(روزنامہ دنیا) جنوبی افریقی ملک زیمبیا میں پائلٹ نے غلطی سے مال بردار طیارہ اصل ایئرپورٹ سے کچھ دوری پر زیر تعمیر اور غیر فعال ہوائی اڈے پر اتار دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق زیمبیا کے ایک ایئرپورٹ پر اُس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب ایتھوپیئن ایئر لائنز کا کارگو طیارہ ایک ایسے ایئرپورٹ پر اتر گیا جو ابھی زیر تعمیر تھا اور ابھی تک وہاں فضائی آپریشن شروع نہیں ہوا تھا۔لینڈنگ کے دوران مال بردار طیارے کا پائلٹ مسلسل ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطے میں رہا اور اپنی لوکیشن بتاتے ہوئے لینڈنگ کی اجازت مانگتا رہا جب کہ کنٹرول ٹاور سے یہی پوچھا جاتا رہا کہ آپ کہاں ہیں اور ہمیں نظر کیوں نہیں آرہے ۔
کنٹرول ٹاور کو طیارہ نظر بھی کیسے آتا کیوں کہ جس رن وے پر لینڈنگ کرنا تھی اس کے بجائے پائلٹ 15 کلومیٹر دور زیر تعمیر ایئرپورٹ کے اوپر چکر لگا رہا تھا اور وہیں کسی طرح طیارہ اتار بھی دیا۔