برطانیہ کے 2 سالہ بچے نے سنوکر میں دو گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیئے

برطانیہ کے 2 سالہ بچے نے سنوکر میں دو گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیئے

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سنوکر کو عموماً بالغ اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک مشکل کھیل سمجھا جاتا ہے تاہم کم عمری کے باوجود جوڈی اوئنز نے ایسے شاندار شاٹس کھیلے جو بڑے بڑے کھلاڑیوں کے لیے بھی چیلنج سمجھے جاتے ہیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق 12 اکتوبر 2025 کو جوڈی اوئنز نے صرف 2 سال اور 302 دن کی عمر میں کامیابی کے ساتھ پول بینک شاٹ مکمل کر کے دنیا کی کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا، اس سے قبل جوڈی نے 2 سال اور 261 دن کی عمر میں سنوکر کا انتہائی مشکل ڈبل پوٹ شاٹ کھیل کر ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

جوڈی اوئنز کی اس غیر معمولی کامیابی کو کھیلوں کی دنیا میں بے حد سراہا جا رہا ہے، ان شاندار کارناموں کے بعد جوڈی اوئنز کو سنوکر کے مشکل شاٹس مکمل کرنے والا کم عمر ترین کھلاڑی قرار دیا گیا اور ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کر لیا گیا۔