لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ایسے کئی لوگ پائے جاتے ہیں جو سخاوت میں خود مثال ہوتے ہیں لیکن ورجینیا سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد خاتون زہاب کمال خان نے منفرد عالمی ریکارڈ بناکر انوکھی مثال قائم کی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورجینیا کی لمبے ترین بال رکھنے والی 30 سالہ خاتون نے 17 سال کے بعد بال کٹواکر 6 فٹ 3 انچ کے بال عطیہ کیے اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروایا۔
خاتون کے بال کٹوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں انھیں پہلے لمبے اور پھر چھوٹے بالوں میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
پاکستان کی پروفیشنل سکواش کھلاڑی زہاب کمال خان نے بتایا کہ ان کے والد نے انھیں 13 سال کی عمر میں مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے بال کٹوانا چھوڑ دیں اور عالمی ریکارڈ بنانے کی کوشش کریں۔
WORLD RECORD | A 30-year-old Pakistani professional #squash player Zahab Kamal got her first haircut since age 13 and set a #GuinnessWorldRecord by donating 6 feet, 3 inches of hair, most hair donated to a charity by an individual.#TOKAlert pic.twitter.com/o8rS7D8doe
— The Times of Karachi (@TOKCityOfLights) August 27, 2021
زہاب کمال کے مطابق بال عطیہ کرنے سے پہلے گنیز ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ سے گفتگو کی کیوںکہ اس سے قبل اتنی بڑی تعداد میں کسی فرد کی جانب سے بال عطیہ نہیں کیے گئے تھے۔
بعد ازاں زہاب کمال خان نے 6 فٹ 3 انچ بال جھڑنے سے متاثرہ بچوں کے لیے وگ بنانے والے فلاحی ادارے کو عطیہ کر دیئے۔
زہاب کا کہنا تھا کہ وہ خود کو چھوٹے بالوں میں دیکھنے کے لیے پرجوش تھیں لیکن وہ اب ہمیشہ اپنے بالوں کو یاد کریں گی۔